سی پیک علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرے گا ،مشاہد حسین سید

چین پاکستا ن اقتصادی راہداری کی تکمیل سے پاکستان کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا

جمعہ 18 اگست 2017 19:59

سی پیک علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرے گا ،مشاہد حسین ..
راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) چین پاکستا ن اقتصادی راہداری (سی پیک) کی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ سی پیک ایک قومی منصوبہ ہے ،یہ علاقائی تجارت و تعلقات کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرے گا ،سی پیک کی تکمیل سے پاکستان کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا ،نئے کارخانے لگیں گے جس سے بیروزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔

ان خیالا ت کا اظہار سینیٹر مشاہد حسین سید نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفد کی قیادت صدر چیمبر راجہ عامر اقبال نے کی جبکہ سابق صدر ڈاکٹر شمائیل دائود بھی ان کے ہمراہ تھے ۔سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ چیمبرز اور تاجر برادری خاص طور پر نجی شعبے کو آگے آنا ہو گا اور سی پیک کی تکمیل میں اپنا مرکزی کردار ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

صدر راولپنڈی چیمبر راجہ عامر اقبال نے اس موقع پر کہا کہ راولپنڈی چیمبر اورسیز چائینیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اشتراک سے سی پیک منصوبے کے حوالے سے بیجنگ چین میں ایک انٹرنیشنل کانفرنس منعقد کرے گا جس میںمختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی چین کی تقریبا دو سو سے زائد کمپنیوں کے نمائندے شرکت کریں گے کانفرنس کا مقصد دو طرفہ تجارت کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں کے لیے کاروباری مواقع تلاش کرنا ہے انہوں نے کہا سی پیک کے صنعتی زونز میں چینی کمپنیوں کے ساتھ ملکر منصوبے اور کارخانے لگانے پڑیں گے تاکہ مقامی صنعت کو تحفط مل سکے انہوں نے چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر ایک مختصر بریفنگ بھی دی۔