غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کے ایجنڈے پر کار بند ہیں ،گورنر سندھ

عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں ، خوشحالی کے نئے دور کا آغاز شروع ہو گیا ہے ،محمد زبیر ٹھٹھہ کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، قدیم آثار پاکستان کی پہچان ہیں، شیرازی برادران سے ملاقات میں اظہار خیال

جمعہ 18 اگست 2017 19:57

غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کے ایجنڈے پر کار بند ہیں ،گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ حکومت غربت اور بے روزگار ی کے خاتمہ کے لئے بھی معاشی ترقی کے ایجنڈے پر کامیابی سے کاربند ہے ، امن و امان کے قیام ، انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی ، معاشی اصلاحات سمیت دیگر حکومتی اقدامات کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے اس ضمن میں ٹھٹھہ ، جیکب آباد ، حیدرآباد اور کراچی میں ترقیاتی پیکج سے انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی با الخصوص صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے تشکیل دیئے جائیں گے ، پورے ملک سمیت صوبہ میں بھی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز شروع ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں اعجاز شاہ شیرازی کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں جاری صورتحال ، ترقیاتی کاموں ، معاشی اصلاحات سے ہونے والی پیش رفت ، شہری با الخصوص دیہی علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں ، غربت و بے روزگاری کے خاتمہ سمیت عوام کو صحت ، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنرسندھ نے کہا کہ ٹھٹھہ قدیم اور تاریخی اہمیت کاحامل ضلع ہے جہاں پر قدیم آثار پاکستان کی دنیا میں پہچان ہیں جن کی حفاظت کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ ٹھٹھہ کے لوگوں کے معیا ر زندگی میں تبدیلی لانے کے لئے وزیر اعظم پاکستان کے اعلان کردہ ترقیاتی پیکج سے اسپتال ، ہیلتھ کارڈز اور دیگر منصوبوں تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں ، ترقیاتی پیکج میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی با الخصوص دیہاتوں میں یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ سے سرمایہ کاری میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاری سے خطہ میں غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ یقینی ہے اس ضمن میں سرمایہ کاروں کو صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی جارہی ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے پورے صوبہ کو بھرپور فائدہ حاصل ہو سکے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم ، صحت اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے با الخصوص دیہی علاقوں میں جہاں لوگوں کو بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی معاشی پالیسی کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ،سی پیک منصوبہ کا سب سے زیادہ فائدہ صوبہ کو ہوگا جہاں اہمیت کی حامل بندر گاہ اہم ثابت ہوگی ، منصوبہ کی تکمیل سے کراچی معاشی ترقی کا تیزی سے چلنا والا پہیہ بن جائے گا ، کراچی کی ترقی سے ٹھٹھہ سمیت دیگر صوبہ کے علاقوں کی ترقی یقینی ہے اس ضمن میں پورے صوبہ میں انفرااسٹرکچر کا جال پھیلا یا جا رہا ہے تاکہ سی پیک منصوبہ کی افادیت سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ شہر میں بھی عوامی فلاح وبہبود کے میگا پروجیکٹس شروع کئے جائیں گے ، آثار قدیمہ کو محفوظ کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ کے نوجوانوں کی تعمیر کے لئے عصر تقاضوں سے ہم آہنگ اعلیٰ تعلیم کے لئے ادارے قائم کئے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ ٹھٹھہ کے نوجوان ملکی ترقی میں حصہ لے سکیں ۔

متعلقہ عنوان :