سندھ میں ضلعی سطح پر ووٹرز کی آگاہی کے لیے ووٹرز ایجوکیشن کمیٹیز تشکیل دی گئی ہیں

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر حیدرآباد وچیئرمین ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی امتیاز علی کلہوڑو

جمعہ 18 اگست 2017 19:01

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر سندھ میں ہر ضلع کی سطح پر ووٹرز کی آگاہی کے لیے ،ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی، تشکیل دی گئی ہیں جس کا مقصد رائے دہندگان میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ، انتخابی مہم میں ان کی شرکت یقینی بنانااور آئندہ انتخابات میں ووٹ کی شرح کو بڑھانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر حیدرآباد وچیئرمین ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی امتیاز علی کلہوڑو نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

اس موقع پر ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے اراکین شہاب الدین میمن ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ حیدرآباد سلمیٰ میمن اور کمیٹی کے دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ امتیاز علی کلہوڑو نے کہا کہ آئندہ انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان چاہتا ہے کہ ووٹرز میں شعور بیدار کیا جائے انہیں ووٹ کی اہمیت و تقدس سے آگاہی دی جائے اسی مقصد کے لیے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹیز تشکیل دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خواتین ووٹرز کو خاص طور پر آگاہی دینے کی ضرورت ہے اس کے ساتھ آئندہ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح میں اضافہ کرنا ہو گا۔ جو افراد انتخابی فہرستوں میں اپنا اندراج نہیں کراسکے ہیں ان کے نام ووٹرز لسٹ میں شامل کرنا ہو نگے۔ انہوں نے کہاکہ یہ کمیٹیاں 2016ء سے فعال ہو چکی ہیں ان کا چیئرمین ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ہے اسمیں حکومتی محکموں ، تعلیمی اداروں ، این جی اوز اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی حیدرآباد اب تک 11آگاہی پروگرامز کرچکی ہے ان میں تین اسکولز و کالجز سیشن بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ2015ء تک حیدرآباد ضلع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 970,438تھی جس میں خواتین ووٹرز 434,679اور مرد ووٹرز536,206ہے جو کہ ضلعی الیکشن کمیشن و ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کی کاوش سے 2017ء میں بڑھ کر 989,438ہوگئی ہے ان میں خواتین ووٹرز 442,544اورمرد ووٹرز کی تعداد 546,894ہے انہوں نے مزید کہاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے ہر ضلع میں سینسز بلاک کوڈ، انتخابی علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں مردوں کے مقابلے میں خواتین ووٹرز کی تعداد کم رجسٹرڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ضلع میں ایسے سینسز بلاکس کی تعداد 206ہے ان علاقوں میں ہماری کمیٹی کو کام کرنا ہے تاکہ خواتین و مرد ووٹرز کا حقیقی معٰنی میں اندراج ہو سکے اور غیر ضروری فرق کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی ہر ماہ اپنا اجلاس کرتی ہے یہ سلسلہ 2018ء کے انتخابات تک جاری رہے گا۔عوام ، سیاسی جماعتیں و سول سوسائٹی اس سلسلہ میں مکمل تعاون کریں تاکہ انتخابی عمل میں عوام کی حقیقی شرکت کویقینی بنایا جاسکے اور ووٹرز میں شعور اجاگر ہو۔

متعلقہ عنوان :