تمام تر تحقیقات کے باوجود بھی سابق وزیراعظم اور ان کے خاندان کیخلاف نہ کرپشن اور نہ ہی اختیارات کے غلط استعمال کا کوئی ثبوت مل

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 18 اگست 2017 18:42

تمام تر تحقیقات کے باوجود بھی سابق وزیراعظم اور ان کے خاندان کیخلاف ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ تمام تر تحقیقات کے باوجود بھی سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور ان کے خاندان کیخلاف نہ کرپشن، نہ منی لانڈرنگ اور نہ ہی اختیارات کے غلط استعمال کا کوئی ثبوت ملا ہے، صرف اقامہ ملا ہے جسے اردو میں ویزا کہتے ہیں جو کہ پاکستان کے ہر گھر میں ایک یا دو لوگوں کے پاس کسی نہ کسی ملک کا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ امید کرتے ہیں کہ نظرثانی کی درخواست سنے بغیر کوئی بھی ادارہ میاں نوازشریف یا اس کی فیملی کیخلاف کوئی بھی کارروائی نہیں کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنمافواد چوہدری ایک ہی وقت میں ق لیگ، پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے ترجمان نہ بنیں اور سپریم کورٹ کے جج صاحبان کو مشورہ دینے کی کوشش نہ کریں اور نہ ہی نیب کو ڈانٹنے کی کوشش کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا اب آپ کی میاں نوازشریف کیخلاف بار بار وہ دہرائی ہوئی رام کہانی سن سن کر تنگ آ چکے ہیں۔ میاں نوازشریف جب لاہور کیلئے نکلے تو پوری قوم نے ان پر لگائے گئے الزامات اور فیصلے کو مستردکر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے مخالفین کو کیا جلدی ہے وہ نوازشریف سے اتنا خوفزدہ کیوں ہیں ہمیں بھی موقع ملنا چاہئے قانون ہمارے لئے بھی ہے، پوری قوم نوازشریف کی طرف سے داخل نظرثانی اپیل پر منتظر ہے ہم بھی انصاف کے طلبگار ہیں۔