ریلویز نے ملک کی بڑی سیلولر کمپنی کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دیدی، صارفین موبائل فون سے براہ راست ادائیگی کے ذریعے ٹرین میں اپنی پسند کی سیٹ بک کروا سکیں گے

جمعہ 18 اگست 2017 18:26

ریلویز نے ملک کی بڑی سیلولر کمپنی کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دیدی، صارفین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اگست2017ء) ملک بھر سے موبائل فون کے صارفین اب اپنے موبائل فون سے براہ راست ادائیگی کے ذریعے پاکستان ریلوے کی ٹکٹیں خریدتے ہوئے اپنی پسند اور مرضی کی سیٹ بک کروا سکیں گے، پاکستان ریلویز نے اس سلسلے میں ملک کی بڑی سیلولر کمپنی کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے جو اس وقت جاز اور وارد کے نیٹ ورکس چلا رہی ہے۔

وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے اس معاہدے کی منظوری دے دی ہے اور ہدائت کی ہے کہ ملک بھر میں کام کرنے والی دیگر سیلولر کمپنیوں کے صارفین کو بھی یہ سہولت فراہم کی جائے تاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں آنے والی جدت کے فوائد زیادہ سے زیادہ پاکستانی شہریوں تک پہنچائے جا سکیں۔ سی ای او پاکستان ریلویز محمد جاوید انور نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز اس سے پہلے ہی کامیابی کے ساتھ آن لائن ریزرویشن کا نظام شروع کر چکا ہے، پاکستان ریلوے گذشتہ برس یو بی ایل اومنی کے ساتھ یہ سہولت فراہم کر رہا ہے اور اب تک پچاس کروڑ روپوں سے زائد کی ٹکٹیں ہمارے مسافر اس نظام کے تحت حاصل اور اس کے ذریعے آسانی کیساتھ سفر کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی فہد الرحمان نے بتایا کہ معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے بعد مذکورہ سیلولر کمپنی کے پانچ کروڑ 20 لاکھ صارفین بغیر اضافی چارجز کے اس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے بلکہ سیلولر کمپنی کے ساٹھ ہزار آوٹ لیٹس پر بھی ریلوے ٹکٹوں کی بکنگ ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے پر دستخطوں کی تقریب اسلام آبادمیں منعقد ہو گی جس میں شرکت کے لئے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق سے خصوصی درخواست کی گئی ہے کہ ان کے وژن اور محنت سے ہی ریلوے میں بحالی، ترقی اور جدت کو یقینی بنایا جا سکا ہے۔

متعلقہ عنوان :