ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت اورنج لائن ٹرین کو میٹرو بس اور لاہور ریلوے سٹیشن سے منسلک کر دیاجائے گا‘خواجہ احمد حسان

ریلوے سٹیشن کو اورنج لائن میٹرو ٹرین بوہڑ والا چوک سٹیشن سے منسلک کرنے کے لئے خود کار واکو لیٹر نصب کیا جائے گا‘چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی

جمعہ 18 اگست 2017 18:10

ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت اورنج لائن ٹرین کو میٹرو بس اور لاہور ریلوے سٹیشن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت اورنج لائن ٹرین کو میٹرو بس اور لاہور ریلوے سٹیشن سے منسلک کر دیاجائے گا ۔ ٹرین سے بس اور بس سے ٹرین تک پیدل چل کر جانے والوں کی سہولت کے لئے دو خصوصی راستے بنائے جائیں گے ۔ منصوبے پر پونے تین ارب روپے لاگت آئے گی ۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اس مقصد کے لئے خواہشمند انجینئرنگ فرموں اور کنٹریکٹرز کی پری کوالفیکشن کے لئے 9ستمبر2017ء تک درخواستیں طلب کر لی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ شہریوں کی سہولت کے لئے میٹرو ٹرین کو میٹرو بس سے منسلک کرنے کے لئے جین مندر کے مقام پر زیر زمین بنائے جانے والے اورنج لائن کے انار کلی سٹیشن سے میٹرو بس کے ایم اے او کالج سٹیشن تک زیر زمین راستہ تعمیر کیا جائے گاتاکہ پیدل چلنے والے سڑک پر آئے بغیر ہی ایک سے دوسری جگہ پہنچ سکیں۔

اسی طرح مسافروں کی سہولت کے لئے لاہور ریلوے سٹیشن کو اورنج لائن میٹروٹرین بوہڑ والا چوک سٹیشن سے منسلک کرنے کے لئے زمین سے 40فٹ بلندی پر راستہ بنایا جائے گا -مسافر اس پر نصب خودکار واکولیٹر پر کھڑے ہو کر پیدل چلے بغیر ہی ا یک سے دوسری جگہ پہنچ سکیں گے ۔