مخالفین نواز دشمنی میں ملک سے دشمنی نہ کریں،این اے 120سے کل بھی جیتے تھے آج بھی جیتیں گے‘ پرویز ملک

کس کی سیاست ختم ہو رہی ہے اور کون سیاست سے آؤٹ ہو رہا ہے یہ وقت ہی بتائے گا‘وفاقی وزیر کا کارکنوں سے خطاب

جمعہ 18 اگست 2017 17:47

مخالفین نواز دشمنی میں ملک سے دشمنی نہ کریں،این اے 120سے کل بھی جیتے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے کہا کہ حلقہ این ای120سے کل بھی جیتے تھے آج بھی پہلے سے بہتر پوزیشن میں جیتیں گے، مخالفین نواز شریف دشمنی میں ملک سے دشمنی کر رہے ہیں، بیگم کلثوم نواز شریف کے کاغذات پر وہی پرانے گھسے پٹے الزامات لگائے گئے جو عمران اور ان کے ساتھی چار سال سے لگاتے چلے آرہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزاین اے 120میں ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید توصیف شاہ،ارکان اسمبلی چوہدری شہباز،ماجد ظہور،عامر خان، چیئر مین شہباز حیدر ،تنویر ضیا بٹ سمیت سینکڑوں کارکن بھی موجود تھے۔انہوںنے کہاکہ کس کی سیاست ختم ہو رہی ہے اور کون سیاست سے آؤٹ ہو رہا ہے یہ وقت ہی بتائے گا،فی الحال پی ٹی آئی کی طرح پیپلز پارٹی کا سیاسی مستقبل بھی نظر نہیں آرہا جمہوریت کے استحکام کے لئے سب جماعتوں کو ایک صفحے پر آنا پڑے گا، پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرینگے۔

(جاری ہے)

ہم نے اپنا موقف نہیں بدلا جلد اپنا موقف عوام کے سامنے رکھیں گے، جمہوریت کے استحکام کیلئے نکلے ہیں اور اس کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرکے ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوششیں کرینگے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے، عوام کو ریلیف کی فراہمی اورمحروم معیشت طبقات کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہمارا مشن ہے اوراس مشن کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔ بڑے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو ریلیف ملا ہے اورتیزرفتار ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان نے گزشتہ 4 برس کے دوران کئی شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اورملک ترقی کی نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔