غلام مر تضیٰ بلو چ نے ملیر میں خسر ہ سے بچا ئو مہم کا افتتا ح کردیا

جمعہ 18 اگست 2017 17:39

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کچی آبادی و خصوصی ترقیات غلام مرتضی بلوچ نے خسرہ سے بچاؤ کی مہم کا افتتاح جمعہ کے روزگورنمنٹ اسپتال میمن گوٹھ میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام اس مہم کو کامیاب بنانے اور خسرہ کے خاتمے کیلئے اپنے بچوں کو اس کے ٹیکے لگوائیں، سندھ حکومت صحت کے معاملے میں بہت سنجیدہ ہے،اس موذی مرض سے ہماری اگلے نسل کو بچانے کے لئے اس کی ویکسینیشن انتہائی ضروری ہے، اس مہم میں ملیروالوں نے اپنا نمایاں کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کے نمائندے گھر گھر جاکر بچوں کا اندراج کررہے ہیں، ان سے تعاون کریں اور ان کی دی گئی معلومات پر عمل کریں۔ انہوں نے محلہ کمیٹیوں اور یونین کونسل کے نمائندوں سے اپیل کی کہ اس مہم میں شہریوں اور سندھ حکومت کا ساتھ دیں اور اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنے اپنے علاقوں میں کام کریں۔ اس موقع پر ضلع صحت افسر ملیر ڈاکٹر سعید بلوچ، ایم ایس ڈاکٹر جاوید شیخ، ڈاکٹر سہیل جدون، ڈاکٹر سلیم شیخ، ڈاکٹر فرزانہ، سلیم جی میمن، ابوبکر میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔