انسداد خسرہ و پولیو مہم کا آغاز ہو گیا، پندرہ لاکھ بچوں کو انجیکشن اور قطرے پلائے جائیں گے

جمعہ 18 اگست 2017 17:39

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں انسداد خسرہ و پولیو مہم کا افتتاح کردیا، مہم کے دوران پندرہ لاکھ بچوں کو خسرہ کے انجکشن لگائے اور پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم 26اگست تک جاری رہے گی اس دوران صرف طبی مراکز پر اور خصوصی کیمپس پر نو ماہ سے پانچ سال تک کے بچوں کو خسرہ سے بچائو کے انجکشن لگائے جائیں گے۔

افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا کہ بچوں کو خسرہ سے محفوظ رکھنے کے لئے حکومت ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، مہم پر عملدرآمد کرنے کیلئے مر بوط اقدامات کئے گئے ہیں، والدین اپنے بچوں کی حفاظت کے لئے اس سے استفادہ کریں۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ صحت اور یونیسف سمیت عالمی پارٹنرز تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد خسرہ و پولیو مہم میں پندرہ لاکھ بچوں کو خسرہ کے انجیکشن لگائے جائیں گے اور پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، کراچی میں 166 یونین کونسلوں میں مہم پر عملدر آمد کیا جائے گا۔

انسداد خسرہ و پولیو مہم میں 2200 ٹیمیں فرائض انجام دیں گی۔ مانٹرنگ کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اس سلسلہ میں 570 سپروائزز بھی فرائض انجام دیں گے جو مہم کی کار کر دگی کی مانٹیرنگ کریں گے۔ اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر آغا اشفاق، کمشنر کراچی پولیو ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر نصرت علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنوبی محمد حسین اور دیگر بھی مو جو د تھے۔

متعلقہ عنوان :