بلوچستان ہائی کورٹ ،عبدالمجید اچکزئی کی درخواست ضمانت بعداز گرفتاری مسترد

جمعہ 18 اگست 2017 16:08

بلوچستان ہائی کورٹ ،عبدالمجید اچکزئی کی درخواست ضمانت بعداز گرفتاری ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اگست2017ء) بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس محمدنورمسکانزئی نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء ،رکن صوبائی اسمبلی اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین عبدالمجید اچکزئی کی درخواست ضمانت بعداز گرفتاری مسترد جبکہ بینچ کے دوسرے جج محمدہاشم خان کاکڑ نے 2لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر ان کی درخواست ضمانت منظور کرنے کے احکامات دے دئیے ۔

ڈویژنل بینچ کے ججز کے الگ الگ احکامات کے بعداب عبدالمجید خان اچکز ئی کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری پر حتمی فیصلہ بلوچستان ہائی کورٹ کے ریفری جج جسٹس جناب جسٹس اعجاز سواتی دیںگے،دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج کوئٹہ جناب راشد محمود نے عبدالمجید خان ا چکزئی کی جانب سے ٹریفک سارجنٹ کو گاڑی سے کچلنے کے مقدمے کو خصوصی عدالت کی بجائے عام عدالت منتقلی سے متعلق درخواست پر دوبارہ فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ مکمل کرلیاگیاہے بلکہ مقدمہ قتل میںمدعی مقدمہ اور گواہان کو بذریعہ تفتیشی آفیسر پیش کرنے کے بھی احکامات صادر کئے ہیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجید خان اچکزئی کی جناب سے بلوچستان ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کی گئی تھی جس پر فریقین کے وکلاء کی جانب سے دلائل مکمل کئے جانے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا جمعہ کے روز ڈویژنل بینچ کے رکن چیف جسٹس بلوچستان ہائیکو رٹ جسٹس جنا ب جسٹس محمدنور مسکانزئی نے مجید خان اچکزئی کی درخواست بعدازگرفتاری مسترد کردی تاہم جسٹس جناب جسٹس محمدہا شم کاکڑ نے ملزم کی 2لاکھ روپے کے عیوض درخواست ضمانت بعداز گرفتاری منظور کرلی جس کے بعد درخواست ضمانت بعد از گرفتاری کا فیصلہ اب ہائی کورٹ کے ریفری جج جسٹس جناب جسٹس اعجاز سواتی دیںگے ۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء رکن صوبائی اسمبلی اور پبلک اکائو نٹس کمیٹی کے چیئرمین عبدالمجید خان اچکزئی کو ٹریفک اہلکار کو گاڑی سے کچلنے اور قتل کے مقدمہ میں بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ جناب راشد محمود کے روبرو پیش کیاگیا تو عدالت میں عبدالمجید خان اچکزئی کی جانب سے سارجنٹ کو گاڑی سے کچلنے کے متعلق مقدمے کی سماعت کو خصوصی عدالت سے عام عدالت کو منتقل کرنے سے متعلق دائر درخواست پر عدالت نے دوبارہ فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیاہے جس سے 22اگست کو سنائے جانے کاامکان ہے عدالت نے عبدالغفار نامی شخص کے مقدمہ قتل میں سختی سے حکم دیاکہ اگلی سماعت پر کیس کے مدعی سمیت تمام گواہان کو بذریعہ تفتیشی عدالت کے سامنے پیش کیاجائے بعدازاں مجید خان اچکزئی کی جوڈیشل ریمانڈ میں 28اگست تک توسیع کے احکامات دیتے ہوئے عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی ۔

متعلقہ عنوان :