لاہور ہائیکورٹ نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کر دی

جمعہ 18 اگست 2017 16:05

لاہور ہائیکورٹ نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف دائر درخواست ناقابل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کر دی، فاضل چیف جسٹس نے قرار دیا ہے کہ چینی کی قیمتوں کا تعین کرنا عدلیہ کا کام نہیں، اس کے لئے مسابقتی کمیشن سے رجوع کیا جائے۔

(جاری ہے)

عبید اللہ کلیار ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ شوگر ملز مافیا نے ملی بھگت سے چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر دی ہے، انہوں نے کہا کہ چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرنے میں شوگر مافیا کے علاوہ سرمایہ دار، سیاسی اور حکومتی شخصیات شریک ہیں، مصنوعی قلت کی وجہ سے چینی کی قیمت 45 روپے سے بڑھا کر 78 روپے فی کلوگرام کردی گئی ہے، اعدادو شمار کے مطابق چینی کی فی کلو لاگت 42 روپے بنتی ہے، شوگر ملوں کے پاس چینی کا اضافی سٹاک بھی موجود ہے جبکہ ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں، انہوں نے استدعا کی کہ عوام کے وسیع تر مفاد میں عدالت چینی کی قلت ختم کرنے اور قیمتیں کم کرنے کا حکم دے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمتوں کا تعین کرنا عدلیہ کا کام نہیں، عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔