لاہور ہائیکورٹ : نواز شریف سے سر کا خطاب واپس لینے کیلئے دائر درخواست پراٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری

جمعہ 18 اگست 2017 16:05

لاہور ہائیکورٹ : نواز شریف سے سر کا خطاب واپس لینے کیلئے دائر درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے نواز شریف سے سر کا خطاب واپس لینے کے لئے دائر درخواست پراٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان کی پچاس سالہ تقریبات کے موقع پربرطانوی ملکہ نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو سر کا خطاب دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے سر کا خطاب وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر وصول کیا جو کہ آئین کے آرٹیکل 2اے اور 249کی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی وزیر اعظم نے اپنے ملک کی پچاس سالہ تقریبات پر برطانوی ملکہ کی جانب سے سر کا خطاب قومی مفاد میں وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے موقف اختیار کیا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی جانب سے ملکہ برطانیہ سے سر کا خطاب حاصل کرنا ملکی مفاد کی خلاف ورزی اور دور غلامی کی یاد ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت نواز شریف کو سر کا خطاب ملکہ برطانیہ کو واپس کرنے کے احکامات صادر کرے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نواز شریف کے پیش نہ ہونے پرپہلے ہی یکطرفہ کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے لہٰذا عدالت اپنا فیصلہ سنائے،نواز شریف کے وکیل سلمان اسلم بٹ عدالت پیش نہ ہوئے۔جس پرعدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل کوباضابطہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 25اگست کو جواب طلب کر لیا۔