مسئلہ کشمیرسے پورے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے ،حریت رہنما

بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام میں آئے روز اضافہ ہمارے لیے باعثتشویش ہے،سید علی گیلانی

جمعہ 18 اگست 2017 15:47

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیرمیںحریت رہنمائوں اورتنظیموں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ کے علاقے بانڈر پورہ میں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوان محمد ایوب لون کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری ایک عظیم نصب العین کے حصول کیلئے اپنی جانوں کی مسلسل قربانیاں پیش کررہے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںشہیدمحمد ایوب لون کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں خاص طورپر نوجوانوں کے قتل عام میں آئے روز اضافہ ہمارے لیے فکرمندی اور تشویش کاباعث ہے۔

انہوںنے کہاکہ یہ سرفروش ہمارے بہترمستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرر ہے ہیں اور ہم پر بھارتی تسلط سے آزادی کے اپنے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کی بھاری ذمہ داری ڈال رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سیدعلی گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت کا ایک وفد بشیر احمد قریشی کی قیادت میں کاکہ پورہ گیا جہاں انہوں نے شہید کے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

میر واعظ کی سربراہی میں قائم حریت فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جنوبی کشمیرمیں بڑے پیمانے پر جاری نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پورے مقبوضہ علاقے کو بھارتی فورسز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اور پر امن احتجاجی مظاہرین کیخلاف طاقت اور تشدد کا وحشیانہ استعمال جاری ہے جس کی وجہ سے لوگوںمیںشدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔

انہوںنے شہید محمد ایوب لون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام ایک بلند نصب العین کے حصول کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ طاقت اور تشدد کے بل پر کسی قوم کی جائز جدوجہد کو زیادہ دیر تک دبایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ حل طلب مسئلہ کشمیرسے پورے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے ۔ جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ، جماعت اسلامی ، دختران ملت ،مسلم لیگ جموںوکشمیر اور جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ آر اور جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں شہید محمد ایوب لون کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا۔

انہوںنے کہاکہ شہداء ہمارے حقیقی ترجمان ہیں اور ہمارے بہتر مستقبل کیلئے اپنی جانوں کا سودا اللہ کے ساتھ کررہے ہیں۔مسلم لیگ اور سالویشن موومنٹ کے وفود نے بھی لیلہارجاکر شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :