پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے

صدر مملکت ممنون حسین کی سوئٹزرلینڈ کے سبکدوش ہونے والے سفیر مارک پائیرے جارج سے گفتگو

جمعہ 18 اگست 2017 15:42

پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ پاکستان کا دوست اور اہم تجارتی و سرمایہ کاری شراکت دار ہے، پاکستان اس کے ساتھ باہمی اعتماد، دوستی اور تعاون پر مبنی اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے یہ بات سوئٹزرلینڈ کے سبکدوش ہونے والے سفیر مارک پائیرے جارج سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبہ جات بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے میدان میں سوئٹزر لینڈ کے ساتھ شراکت داری میں اضافے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ سوئٹزر لینڈ کا 2015-16 ء کے دوران پاکستان میں 5 سرکردہ غیر ملکی سرمایہ کاروں میں شمار رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سوئس ملٹی نیشنل کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے میں مدد ملی اور یہ پاکستان پر ان کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

صدر نے کہا کہ تقریباً 400 ملین ڈالر سالانہ کا موجودہ دوطرفہ تجارتی حجم حقیقی صلاحیت سے ہم آہنگ نہیں، اسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ صدر ممنون حسین نے سوئس ادارہ برائے ترقیاتی تعاون کی طرف سے پینے کے پانی، صفائی، دہشت گردی سے بری طرح متاثرہ علاقوں میں بے گھر افراد کی معاونت اور قدرتی آفات پر مرکوز اقدامات کو سراہا۔ صدر نے سوئس حکومت کے ’’ایکسی لینس سکالرشپ پروگرام‘‘ کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تعاون مزید فروغ پائے گا اور پاکستان سے مزید طالب علم سوئٹزرلینڈ کے تعلیمی اور پولی ٹیکنیکل اداروں سے مستفید ہوں گے۔

انہوں نے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کے لئے دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان روابط استوار کرنے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والے سفیر کو ان کی ذمہ داری کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :