آئین کی دفعہ 62,63 کو نہ چھیڑا جائے،

ریٹرننگ افسر کی سطح پردھاندلی روکنے کا بھی انتظام ہونا چاہیے، صاحبزادہ طارق اللہ

جمعہ 18 اگست 2017 15:42

آئین کی دفعہ 62,63 کو نہ چھیڑا جائے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا ہے کہ آئین کی دفعہ 62,63 کو نہ چھیڑا جائے‘ خواتین مرضی سے ووٹ نہ ڈالیں تو انتخابات کو کالعدم نہ کیا جائے‘ انتخابی فہرستوں پر تصاویر کے بعد دھاندلی کے امکانات نہیں ہیں لیکن ریٹرننگ افسر کی سطح پر اگر دھاندلی ہو تو اس کا بھی انتظام ہونا چاہیے‘ ۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں انتخابات بل 2017ء کے حوالے سے تحریک پر جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ انتخابات میں پارٹیوں کی طرف سے اربوں روپے کے اخراجات کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ جماعت اسلامی مڈل کلاس جماعت ہے‘ ہم پیسے کے زور پر انتخابات نہیں لڑ سکتے۔ الیکشن کمیشن کو اختیارات مل گئے لیکن اب ان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

70 لاکھ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے۔ خواتین اگر مرضی سے ووٹ نہ ڈالیں تو انتخاب کو کالعدم نہیں کرنا چاہیے اس پر ہماری ترمیم کو قبول کیا جائے‘ ہم نادرا کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔ انتخابی فہرستوں پر تصاویر کے بعد دھاندلی کے امکانات نہیں ہیں لیکن ریٹرننگ افسر کی سطح پر اگر دھاندلی ہو تو اس کا بھی انتظام ہونا چاہیے۔ آئین کی دفعہ 62,63 کو اگر کوئی چھیڑے گا تو وہ آئین کے ساتھ اور ملک کے اسلامی تشخص کے ساتھ غداری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر قانون اور ان کی ٹیم اور کمیٹی کے ارکان نے جو محنت کی ہے اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔