بلاول بھٹو زرداری کا مانسہرہ میں جلسہ مخالفین کی آنکھیں کھول دے گا،صوبائی صدر پی پی پی ہمایوں خان

جمعہ 18 اگست 2017 15:26

بلاول بھٹو زرداری کا مانسہرہ میں جلسہ مخالفین کی آنکھیں کھول دے گا،صوبائی ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مانسہرہ میں جلسہ مخالفین کی آنکھیں کھول دے گا، ہمیشہ کی طرح مخالفین شکست کھائیں گے، ستمبر کے آخر یا اکتوبر کے شروع میں چیئرمین بلاول بھٹو ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر ہمایون خان نے ضلعی صدر سردار ابرار احمد کی رہائش گاہ پر ضلع ایبٹ آباد، تحصیل، سٹی، کینٹ، حویلیاں، پاکستان پیپلز یوتھ، پی ایس ایف، پاکستان پیپلز لیبر بیورو اور پاکستان پیپلز لائر فورم کی تنظیموں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو کے مانسہرہ میں جلسہ کی کامیابی کیلئے تمام تنظیموں کے صدور اور سیکرٹریز نے اپنی اپنی تجاویز دیں اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کے شایان شان استقبال کی تیاری کو حتمی شکل دی گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کل ہفتہ کوپاکستان پیپلزپارٹی کے تمام کارکن اور عہدیدار صبح 9 بجے فوارہ چوک میں جمع ہو کر دن ایک بجے بڑے جلوس کی صورت میں مانسہرہ کیلئے روانہ ہوں گے۔

جلسہ میں شرکت اور کامیابی کیلئے پارٹی کارکن دور دراز علاقوں اور دیہات سے ایبٹ آباد پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ شہر اورگردونواح میں بینرز، جھنڈے اور بڑے بڑے ہولڈنگ بورڈ لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ صوبائی صدر کے مطابق ستمبر کے آخر یا اکتوبر کے شروع میں چیئرمین بلاول بھٹو ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔