بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو چیلنج کردیاگیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 18 اگست 2017 14:51

بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو چیلنج کردیاگیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 اگست۔2017ء) پاکستان عوامی تحریک نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو چیلنج کردیا ہے۔پاناما کیس میں نوازشریف کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا۔پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار اشتیاق چوہدری نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو اپیلٹ ٹریبونل میں چیلنج کیا۔

اپیل کنندہ کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں اقامے کی تفصیلات شامل نہیں کیں اور اپنے کاغذات میں حقائق چھپائے ہیں۔اپیل کنندہ نے کہا کہ ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس کلثوم نوازکے کاغذات منظورکیے لہٰذا کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ این اے 120 کی نشست پرہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد، مسلم لیگ ن کی کلثوم نواز، پیپلزپارٹی کے فیصل میر اور پاکستان عوامی تحریک کے اشتیاق چودھری امیدوار ہیں، ان کے علاوہ آزاد امیدوار بھی انتخاب میںحصہ لے رہے ہیں۔

گزشتہ روز ضمنی انتخاب کے عمل میں حصہ لینے کے لیے ریٹرننگ افسر نے اپوزیشن کے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جسے آج چیلنج کردیا گیا ہے۔