پی آئی اے کا میزبان خاتون کوہراساں کر نے پرمعطل

ذمہ دار فضائی میزبان کو معطل کردیا گیا ہے،الزام ثابت ہونے کی صورت میں سخت ترین محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ترجمان پی آئی اے

جمعہ 18 اگست 2017 14:59

پی آئی اے کا میزبان خاتون کوہراساں کر نے پرمعطل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) پی آئی اے کے فضائی میزبان پربرطانوی خاتون کو مبینہ جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پی آئی اے نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔تفصیلات کے مطابق لندن میں ایک ہوٹل کی انتظامیہ کی جانب سے پی آئی اے کو ای میل کی گئی ہے جس میں پی آئی اے کے فضائی میزبان پر ہوٹل کی ملازمہ کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

موصولہ ای میلز کے عکس کے مطابق پی آئی اے برمنگھم آفس کی انتظامیہ کو یہ ای میل ہوٹل جنرل مینیجر کی جانب سے موصول ہوئی ہے۔ واقعے میں ملوث فضائی میزبان اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز کے ساتھ برمنگھم پہنچا تھا جہاں اسے تین روز قیام کرنا تھا ای میل کے مطابق ہراساں کرنے کا یہ واقعہ 16 اگست کو ہوٹل کی لابی میں پیش آیا۔

(جاری ہے)

پی آئی اے کے ترجمان محمد مشہود تاجور نے اس ضمن میں بتایا کہ واقعے کے مبینہ ذمہ دار فضائی میزبان کو معطل کردیا گیا ہے اور وہ گزشتہ روز وطن واپس پہنچا ہے۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے کراچی میں واقع ہیڈ آفس میں مذکورہ فضائی میزبان سے واقعے کے بارے میں تحقیقات کی جائیں گی مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے واقعے میں ملوث فضائی میزبان کے خلاف کمپنی قوانین کے مطابق کارروائی جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ الزام ثابت ہونے کی صورت میں سخت ترین محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔