این اے 120سے (ن) لیگ کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری اپیلٹ ٹریبونل میں چیلنج

کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے ،ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس کاغذات منظورکیے ‘پاکستان عوامی تحریک جسٹس مامون رشید شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی اپیلٹ ٹریبونل کاغذات نامزدگی سے متعلق اپیلوں پر 21 سے 24 اگست تک سماعت کریگا

جمعہ 18 اگست 2017 14:51

این اے 120سے (ن) لیگ کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) پاکستان عوامی تحریک نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو اپیلٹ ٹریبونل میں چیلنج کردیا۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا۔نشست پر مسلم لیگ (ن) کی کلثوم نواز، پیپلزپارٹی کے فیصل میر ،تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد اور پاکستان عوامی تحریک کے اشتیاق چوہدری امیدوار ہیں۔

اس کے علاوہ ضمنی انتخاب میں آزاد امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ضمنی انتخاب کے عمل میں حصہ لینے کے لیے ریٹرننگ افسر نے اپوزیشن کے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جسے چیلنج کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار اشتیاق چوہدری نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو اپیلٹ ٹریبونل میں چیلنج کیا۔

اپیل کنندہ کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں اقامے کی تفصیلات شامل نہیں کیں اور اپنے کاغذات میں حقائق چھپائے ہیں۔اپیل کنندہ کے مطابق ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس کلثوم نواز کے کاغذات منظورکیے لہٰذا کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔کاغذات نامزدگی سے متعلق اپیلوں پر سماعت 21 اگست سے ہوگی اور جسٹس مامون رشید شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی اپیلٹ ٹریبونل سماعت کرے گا جبکہ اپیلٹ ٹریبونل 24 اگست تک اپیلوں پر سماعت کرے گا۔

متعلقہ عنوان :