ہائیکورٹ نے پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا

چیئرمین پی سی بی کا عہدہ پبلک آفس کی تعریف میں نہیں آتا‘ عدالت کے استفسار پر پی سی بی وکیل کا جواب

جمعہ 18 اگست 2017 14:51

ہائیکورٹ نے پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر ..
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید شیخ اور جسٹس ناصر اقبال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نجم سیٹھی کو پی سی بی آئین کے خلاف چیئرمین تعینات کیا گیا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سابق پیٹرن نواز شریف 28جولائی کو وزارت عظمیٰ سے نااہل ہوگئے اور نااہلی کے بعد نواز شریف کے مستقبل کے لئے جاری احکامات غیر مثر ہوگئے۔درخواست گزار نے کہا کہ نجم سیٹھی اور عارف اعجاز کے لئے 6 اگست کا بطور بورڈ آف گورنر نوٹیفکیشن غیر موثر ہوگیا۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ 6 اگست کے نوٹیفکیشن کی بنیاد پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تعیناتی کالعدم کی جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے سوال کیا کہ کیا پی سی بی کے چیئرمین کا عہدہ پبلک آفس کی تعریف میں آتا ہے ۔جس پر پی سی بی کے وکیل نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کا عہدہ پبلک آفس کی تعریف میں نہیں آتا۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔خیال رہے کہ 9 اگست کو پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس کے دوران نجم سیٹھی بلامقابلہ پی سی بی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔