دوران ملازمت وفات پانے والے گریڈ 1 تا 22 کے سرکاری ملازمین کے فیملی ممبران و پسماندگان کیلئے نئے خصو صی مالی معاونتی پیکج کا اعلان

جمعہ 18 اگست 2017 14:26

دوران ملازمت وفات پانے والے گریڈ 1 تا 22 کے سرکاری ملازمین کے فیملی ممبران ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) حکومت پنجاب نے دوران ملازمت وفات پانے والے گریڈ 1 سے 22 تک کے سرکاری ملازمین کے فیملی ممبران و پسماندگان کیلئے نئے خصو صی مالی معاونتی پیکج کا اعلان کردیاہے جس کے مطابق اب گریڈ 1 سے 4 تک کے ملازمین کے اہل خانہ کو 4 کی بجائے 16 لاکھ روپے اورگریڈ 20 سے 22 تک کے افسران کی فیملی کو 20 کی بجائے 40 لاکھ روپے ملیں گے جبکہ ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک تنخواہ بمعہ سالانہ ترقیاں و اضافہ،مدت ملازمت پوری ہونے تک سرکاری گھر رکھنے،بعد از ریٹائرمنٹ فیملی پنشن،3 بچوں کو تعلیمی و ظائف،ایک بچے یا بیوہ کو پٹواری و جونیئر کلرک سمیت گریڈ 1 سے 11 تک کی سرکاری ملازمت اور دیگر شاندار سہولیات بھی دستیاب ہونگی نیز اس ضمن میں با ضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ اس نئے مالی معاونتی پیکیج کا اطلاق 22 فروری 2017 ء سے ہوگا۔

(جاری ہے)

فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن نمبر No.FD-SR-1/3-10/2004 میں بتایا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد اب نئے مالی معاونتی پیکج کے تحت دوران ملازمت وفات پانیوالے گریڈ1 سے 4 تک کے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو 4 لاکھ کی بجائے 16 لاکھ روپے،گریڈ 5 سے 10 تک کی فیملی کو 6 لاکھ کی بجائے 19 لاکھ روپے،گریڈ11 سے 15 تک کے ملازمین کے پسماندگان کو 8 لاکھ کی بجائے 22 لاکھ روپے،گریڈ16 سے 17 تک کے ملازمین کے خاندان کو 10 کی بجائے 25 لاکھ، گریڈ 18 سے 19 تک کے مرحوم سرکاری ملازم کے پسماندگان کو 16 لاکھ کی بجائے 34 لاکھ اورگریڈ 20 سے 22 تک کے ملازمین کی فیملی کو20 لاکھ روپے کی بجائے 40 لاکھ روپے کی رقم ملے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فنانشل اسسٹنس پیکج کے تحت مرحوم سرکاری ملازم کی فیملی کو ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک پوری تنخواہ بمعہ سالانہ اضافہ ،ریٹائرمنٹ کی مدت کے بعد قواعد کے مطابق فیملی پنشن،ریٹائرمنٹ کی مدت تک سرکاری رہائش گاہ رکھنے کی اجازت،3 بچوں کو پنجاب گورنمنٹ سرونٹس بینوولنٹ فنڈ سے تعلیمی وظائف کی فراہمی،مرحوم کے ایک بچے یا بیوہ کو پٹواری اور جونیئر کلرک سمیت گریڈ1 سے 11 تک کی مستقل سرکاری ملازمت کی فراہمی،بچوں کی شادی کیلئے قواعد کے مطابق میرج گرانٹس کا اجراء، ویسٹ پاکستان میڈیکل اٹینڈنس رولز کے مطابق فری ہیلتھ فسیلیٹی، مرحوم سرکاری ملازم کے تمام واجبات، بقایا جات، محکمانہ امور کی مختصر ترین عرصہ میں تکمیل کیلئے ایک محکمانہ ۱ٓفیسر کی بطور کو نسل تعیناتی جو مرحوم کے پسماندگان کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کا ذمہ دار ہوگا ،قواعد و ضوابط کے مطابق مرحوم کی فیملی کو جنرل پراویڈنٹ فنڈ کا اجراء وغیرہ شامل ہیں۔

دریں اثناء مذکورہ نوٹیفکیشن کی کاپی پنجاب گورنمنٹ کے تمام اداروں کو ارسال کردی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :