پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے خلوص دل سے کام کر رہی ہے ،ْوزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

جمعہ 18 اگست 2017 14:21

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے خلوص دل سے کام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے خلوص دل سے کام کر رہی ہے۔ وہ جمعہ کو ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت مواصلات حافظ عبدالکریم، ارکان قومی اسمبلی سردار محمد امجد فاروق خان کھوسہ، سردار محمد جعفر خان لغاری، حفیظ الرحمن دریشک، ملک سلطان محمد ہنجرا، سردار عاشق حسین گوپانگ، صاحبزادہ فیض الحسن، سید محمد ثقلین شاہ بخاری اور مسز شہناز سلیم ملک شامل تھے۔

ملاقات میں پارلیمانی امور کے وزیر شیخ آفتاب احمد اور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں کی ترقیاتی سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے اور ترقیاتی سکیموں کے لئے ہر ممکنہ طور پر زیادہ سے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے۔

انہوں نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ علاقے کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص تمام فنڈز تیز تر بنیادوں پر فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈی جی خان کی ترقی سے متعلق کسی بھی مسئلے کے حل کے لئے ہمیشہ دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے ارکان قومی اسمبلی پر زور دیا کہ وہ واضح مثبت تبدیلی لانے کے لئے تندہی سے کام کریں۔