انتخابی اصلاحات کے بل میں کمزوریوں اور خامیوں کو دور کیا جاسکتا ہے، سید نوید قمر

جمعہ 18 اگست 2017 13:33

انتخابی اصلاحات کے بل میں کمزوریوں اور خامیوں کو دور کیا جاسکتا ہے، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے بعد آئندہ انتخابات کے نتائج کے حوالے سے سوال اٹھا تو یہ ہماری اجتماعی ناکامی ہوگی‘ ابھی مزید اصلاحات کی ضرورت ہے‘ بل میں جہاں کمزوریاں اور خامیاں ہیں ان کو دور کیا جاسکتا ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں انتخابات بل2017ء جو انتخابات کے انعقاد سے متعلق قوانین میں ترمیم یکجا کرنے اور مربوط بنانے کا بل ہے‘ کے حوالے سے تحریک پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے کہا کہ یہ ساری ایکسرسائز آج سے تین سال پہلے شروع ہوئی تھی‘ 2013ء کے انتخابات کے بعد کسی نے اسے دھاندلی کا الیکشن کہا کسی نے آر او کا الیکشن کہا‘ فیصلہ ہوا کہ پارلیمان انتخابات کے لئے اصلاحات کرے گی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے اور حکومت نے ان اصلاحات کے حوالے سے بہت محنت کی ہے۔ اگر آئندہ انتخابات کے نتائج کے حوالے سے بھی سوال اٹھا تو یہ ہماری اجتماعی ناکامی ہوگی۔ الیکشن میں وفاقی و صوبائی حکومتوں پرکم سے کم انحصار اور زیادہ سے زیادہ الیکشن کمیشن پر ہونا چاہیے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سمیت کئی چیزیں آئندہ انتخابات میں ممکن نہیں ہو سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی اور بھی بہت سی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ بل میں جہاں کمزوریاں اور خامیاں ہیں ان کو دور کیا جاسکتا ہے کیونکہ یہ کمزوریاں ہمارے خلاف استعمال ہو سکتی ہیں۔ ہم ایک ایک ووٹ کے لئے دھکے کھاتے ہیں۔ اور عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر یہاں آتے ہیں۔