پلاننگ کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 15 کروڑ روپے کے فنڈز جاری

جمعہ 18 اگست 2017 12:41

پلاننگ کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 15 کروڑ روپے کے فنڈز جاری
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں پلاننگ کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 15 کروڑ 8 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ حکومت نے رواں مالی سال کے دوران اس ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 11 ارب 49 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔

(جاری ہے)

پلاننگ کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ینگ ڈویلپمنٹ فیلو پروگرام کے لئے 74 لاکھ، ویژن 2025 پروگرام مانیٹرنگ کے لئے 5 کروڑ، ویژن 2025 کے تحت زراعت کے شعبے کی ترقی کیلئے ایک کروڑ 86 لاکھ، سنٹر فار رورل اکانومی کے لئے ایک کروڑ، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت سنٹر فار ایکسی لینس کے لئے 5 کروڑ، سی پیک منصوبے کے سپورٹ بجٹ کے لئے ایک کروڑ 40 لاکھ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔