ناردرن بائی پاس کے قریب پولیس قومی رضاکاروں پر فائرنگ کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں نامعلوم افراد کے خلاف درج ،

دہشت گردی کی دفعات شامل فائرنگ میں دو ہتھیار نائن ایم ایم پستول اور 30بور پستول استعمال کیا گیاان دونوں پستولوں سے دو پولیس اہلکاروں اور پولیس فائونڈیشن کے ایک گارڈ کو بھی قتل کیا جاچکا ہے، تحقیقاتی حکام

جمعہ 18 اگست 2017 12:03

ناردرن بائی پاس کے قریب پولیس قومی رضاکاروں پر فائرنگ کا مقدمہ سی ٹی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) گزشتہ روز ناردرن بائی پاس کے قریب پولیس قومی رضاکاروں پر فائرنگ کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے، مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئیں ہیں۔دوسری جانب تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے فائرنگ میں دو ہتھیار نائن ایم ایم پستول اور 30بور پستول استعمال کیا گیاان دونوں پستولوں سے دو پولیس اہلکاروں اور پولیس فائونڈیشن کے ایک گارڈ کو بھی قتل کیا جاچکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مقدمہ اے ایس آئی شوکت علی کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں قتل ، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔دوسری جانب سے تحقیقاتی حکام کے مطابق ناردرن بائی پاس پر ایک پولیس قومی رضاکار کو قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے میں استعمال پستولوں سے اس سے قبل بہادر آباد میں 20 مئی کو دو پولیس اہلکاروں کو شہید کیا گیا تھا، ایک پستول گلستان جوہر میں پولیس فائونڈیشن کے گارڈ کے قتل میں بھی استعمال ہوا ، پولیس فائونڈیشن کے سکیورٹی گارڈ کو 21فروری کو قتل کیا گیا تھا، موقع سے ملنے والے خولوں کی فارنزک رپورٹ سے ہتھیار استعمال ہونا ثابت ہوگئے،تحقیقاتی حکام کے مطابق ان ہتھیاروں سے اب تک دو پولیس اہلکار ، ایک پولیس فانڈیشن کے گارڈ اور ایک پولیس قومی رضاکارکو شہیدکیاگیا، دہشتگردی کے دو واقعات ضلع شرقی جبکہ ایک ضلع ملیر میں ہوا، تحقیقاتی حکام مزید بتاتے ہیں کہ شہر میں ہونے والی حالیہ دہشتگردی میں کالعدم انصار الشریعہ ہی ملوث لگتی ہے، ناردرن بائی پاس پر فائرنگ کے مقام سے پمفلٹ ملا ہے، اسی نوعیت کاپمفلٹ عزیز آباد اور سائٹ سے بھی ملا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز نامعلوم دہشت گردوں نے کراچی کے علاقے گلشن معمار میں فائرنگ کرتے ہوئے ایک پولیس رضاکار کو جاں بحق جبکہ دوسرے کو شدید زخمی کردیا تھا، ایس ایس پی ملیر کے مطابق ایک رضاکار کے سر اور دوسرے کے گردن پر گولی لگی ۔