مچھلیوں کی پیداوار بڑھائی جارہی ہے ، ڈائریکٹر فشریز

جمعہ 18 اگست 2017 11:56

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) ڈائریکٹر فشریز خیبر پختونخوا دیار خان نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے گوشت کی پیداوار میں کمی آ رہی ہے ،محکمہ فشریز کی طرف سے صوبے بھر کے دریائوں اور ندیوں میں مچھلی کی پیداوار بڑھانے کے علاوہ زیادہ سے زیادہ تالاب بنائے جا رہے ہیں جبکہ تربیلہ ڈیم، خان پور ڈیم، بالاں ڈیم، تاندہ ڈیم،کنڈر ڈیم، چندہ فتخ خیل ڈیم، چندیال ڈیم، دائودزئی ڈیم، خان ڈیم، منگ ڈیم، چتری ڈیم، متنی اضاخیل ڈیم، نریاب ڈیم، شرکی ڈیم، چنغوزی ڈیم، زیبی ڈیم، پلئی ڈیم، لواغر ڈیم، جبکہ خٹک ڈیم اور خیبر باڑہ ڈیم کے ہزاروں ایکڑ پر مشتمل ریزرو وائزرز میں بھی مچھلیوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں ،خیبر پختونخوا کے دریائوں میں بہنے والے ٹھنڈے پانی کی لمبائی1718کلو میٹر، نیم سرد پانی کی لمبائی2757کلو میٹر اور گرم پانی کی لمبائی1627کلو میٹر ہے ‘ مچھلیوں کی قدرتی افزائش کیلئے صوبے میں ٹھنڈے پانی کی گنجائش 2216 ہیکٹرز، نیم سرد پانی کی گنجائش 402ہیکٹرز اور گرم پانی کی گنجائش 3744ہیکٹرز ہے جبکہ ڈیموں اور ریزرو وائزر میں گرم پانی کی گنجائش 54604 ہیکٹرز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہفتہ میں دو یا تین بار مچھلی کھانے سے دل کا دورہ پڑنے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔ خون میں کولیسٹرول کم ہو جاتی ہے جس سے وزن بھی کم ہو جاتا ہے۔ مچھلی کے گوشت میں فاسفورس، آئرن،آئیوڈین اور کیلشیم بھی وافر مقدار میں پائی جاتی ہے جو صحت کے لئے بہت ہی مفید ہے۔