وادی کشمیرمیں لاقانونیت عروج پرہے،جماعت اسلامی

امیر جماعت نے سید علی گیلانی کی عیادت کی

جمعہ 18 اگست 2017 11:42

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیرنے وادی کشمیرمیں جاری سیاسی غیر یقینیت اور لاقانونیت پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے اقوام عالم سے اپیل کی ہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کے پرامن اور پائیدار حل کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیری نوجوانوں کا قتل عام ، گرفتاریاں ، انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اور لوگوں کی املاک اور گھروں کی توڑ پھوڑ روز کا معمول بن چکا ہے۔

انہوںنے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کادعویدار بھارت جموںوکشمیرمیں انسانی حقوق کو فوجی بوٹوں تلے روندرہا ہے۔ جماعت اسلامی نے اقوام عالم اورانسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا بروقت ادراک کرتے ہوئے کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے بھارتی حکومت پر دبائو بڑھائیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء جماعت اسلامی جموںوکشمیر کے ایک وفد نے امیر جماعت خواجہ غلام محمد بٹ کی قیادت میں صورہ ہسپتال جاکرکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی عیاد ت کی ۔ اس موقعہ پر وفد نے حریت چیئرمین کی خیر یت دریافت کی اور ان سے وادی کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ وفد میں جماعت اسلامی کے ناظم تعلیم و تربیت نذیر احمد رعنا بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :