فاٹا کو اب مزید سر زمین بے آئین نہ رہنے دیا جائے،مشتاق احمد

فاٹا کے عوام ستر سال سے بنیادی انسانی حقوق تک کے منتظر ہیں،بے روزگار قبائلی عوام کو روزگار کے مواقع دئے جائیںنوجوانوں کو تعلیم ، کھیل اور روزگار کیلئے سہولیات فراہم کی جائیں،امیرجماعت اسلامی خیبر پختون خوا

جمعرات 17 اگست 2017 23:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد نے کہا ہے کہ فاٹا کو اب مزید سر زمین بے آئین نہ رہنے دیا جائے پاکستان کے آئین کے تحت فاٹا کو جلد از جلد خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے اور آئندہ عام انتخابات میں ایوان بالا ، زیریں اور صوبائی اسمبلی میں نشستیں دینے کے ساتھ ساتھ قانون سازی کے عمل میں بھی شریک کیاجائے فاٹا کے عوام ستر سال سے بنیادی انسانی حقوق تک کے منتظر ہیں ہر سال کی طرح اس سال بھی جشن آزادی اسی انتظار میں گزر گیا حکمران اس بات کا بخوبی ادراک کر لیں کہ فاٹا کے عوام بھی انسان ہیں اور انہی کی طرح سیاسی ،قانونی اور بنیادی انسانی حقوق سمیت ان تمام سہولتوں کے حقدار ہیں جو ملک کے دیگر عوام کو حاصل ہیں اس بات کا جتنا جلد ادراک کر لیا جائے ملک و قو م کے حق میں دن دُگنی اور رات چوگنی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا فاٹا میںتباہ شدہ انفرا سٹرکچر کی بحالی اورتعمیر نو کیلئے ایک ہزار ارب روپے کے بڑے مالیاتی پیکج کا اعلان کیاجائے بے روزگار قبائلی عوام کو روزگار کے مواقع دئے جائیںنوجوانوں کو تعلیم ، کھیل اور روزگار کیلئے سہولیات فراہم کی جائیںسی پیک خطہ کی خوشحالی اور شاندار مستقبل کا منصوبہ ہے فاٹا کو اس منصوبہ سے محروم نہ رکھا جائے قبائلی عوام کے حقوق کے لئے جماعت اسلامی ہر فورم پر بھر پور آواز اٹھائے گی ان خیالات کا اظہارانہوںنے جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈ کوارٹرالمرکز الاسلامی سے جاری ایک بیان میں کیاانہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک گلدستہ ہے جس کی تکمیل فاٹا اور جموں و کشمیر کے پھولوں سے ہو گی اور اس تکمیل کے بعد ہی یہ اپنی خوشبو و مہک تمام دنیا میں پھیلا ئے گا انہوں نے کہا کہ فاٹاکے انضمام اور قبائل کو تمام آئینی و انسانی حقوق کی راہ رکاوٹیں کھڑی کرنے والے دانستہ یا ناداستہ طورپر در اصل پاکستان دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے فاٹا اصلاحات کے نفاذ اورایف سی آر کے خاتمہ کے اعلان کے بعد چُپ سادھ لی اور اصلاحات کا عمل سر د خانہ کی نذر کر دیا سابق وزیر اعظم نواز شریف چاہتے تو قبائلی عوام کا دیرینہ مطالبہ پو را کر سکتے تھے لیکن انہیں اپنی کرپشن کے لالے پڑ گئے نئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی قبائلی عوام کی خواہشات اور سرتاج عزیز کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ایف سی آر کے خاتمہ، اصلاحات کے نفاذ اورفاٹا کے صوبہ میں انضمام کا جلد از جلد اعلان کریںانہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام اپنے حق کے حصول کیلئے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو گئے ہیں وفاقی حکومت ان کا مزید امتحان لینے سے گریز کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قبائلی عوام کے حقوق کے لئے لڑ رہی ہے۔ ایف سی آر کے خلاف اور اصلاحات کے حق میں گورنرہاؤس اور قومی اسمبلی کے سامنے دھرنے دیں گے اور پوری دنیا تک قبائلیوں کی آواز پہنچائیں گے۔ جماعت اسلامی قبائلی عوام کے لئے جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

متعلقہ عنوان :