پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیراہتمام آزادی شجرکاری واک کاانعقاد کیاگیا

جمعرات 17 اگست 2017 23:49

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء)پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کے زیراہتمام شجرکاری مہم کے سلسلے میں واک کاانعقادکیاگیا۔واک میٹرو روٹری سے شروع ہوکر زکریاپارک پر ختم ہوئی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانارضوان قدیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اورپودا لگاکرباقاعدہ شجرکاری مہم کا آغاز کیا ۔شرکاء نے واک کے اختتام پر پارک میں درجنوں مختلف اقسام کے درختوں کی شجرکاری کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا رضوان قدیر نے کہاکہ پی ایچ اے ملتان کوسرسبز شاداب بنانے کے لیے بہترین کاوشیں کررہا ہے۔ایسی مثبت سرگرمیوں سے عوام میں درختوں کی افادیت کاشعور اجاگرہوگا۔درخت لگاناصدقہ جاریہ ہے۔واک میں طالب علموں کی شرکت کے حوالے سے انہوں ن کہاکہ واک میں نوجوان افراد کی شرکت سے مہم کا مقصد پورا ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

رانا رضوان قدیر نے کہاکہ 14اگست کے حوالے سے واک کا اہتمام کیاگیا ہے جسے آزادی شجرکاری کانام دیکر پی ایچ اے کی جانب سے عوام الناس کودرختوںکا تحفہ دیاگیا ہے۔ڈائریکٹر ہارٹیکلچر نصیر احمد نے کہاکہ آزادی شجرکاری مہم کے سلسلے میں ایک ہزار سے زائد درخت لگائے جاچکے ہیں اورمزید درخت اس ماہ کے آخر تک لگادیئے جائیں گے۔درخت ملتان کے موسم اورماحول کوبہتر کرنے میں مدد گارثابت ہو نگے۔واک میں ڈپٹی ڈائریکٹر مارکیٹنگ خرم جمیل،ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر سعد قریشی،ڈپٹی ڈائریکٹرہارٹیکلچر حافظ نعیم،ڈپٹی ڈائریکٹرفنانس شہزاد بھٹہ اور پی ایچ اے افسران بھی موجودتھے۔اس موقع پر صحافیوں،طالب علموں،شہریوں اور پی ایچ اے افسرا ن نے بھی پودے لگائے ۔