گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے چیف ایگزیکٹو محمد اکرم چوہدری کا اچانک دوروں اعلان

جمعرات 17 اگست 2017 23:45

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے چیف ایگزیکٹو محمد اکرم چوہدری نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے سے کمپلینٹ سنٹرز کے اچانک دوروں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا ،غیر فعال اور خستہ حال کمپلینٹ سنٹرز کیلئے ایکسیئن اور ایس ڈی اوز سے باز پُرس کی جائے گی۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی سرکل ،کینٹ سرکل ، سیالکوٹ، نارووال اور گجرات سرکل آفسز کی علیحدہ علیحدہ انسپیکشن کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر چیف انجینئرزجنید اختر، غضنفر عباس رضوی، عبدالرزاق،مینجر کمرشل محمد افضل بیگ، ایس ایز زاہد جاوید،لیاقت علی ڈھلوں، پرویزاقبال، ارشد منیر، رفیق اقبال، ڈپٹی مینجر کمرشل میاں محمد عرفان ، حافظ محمد عمران، محمد آصف قریشی ،محمد جہانگیر رانا، نوید انجم ،سرکلز کے ایکسیئنز،ڈی سی ایمز، ایس ڈی اوز، ریونیو افسرز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ تمام ایس ڈی اوز اپنے اپنے علاقہ کے کمپلینٹ سنٹرز کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں وہاں بجلی کی مرمت کیلئے ضروری سامان کی فراہمی، صفائی ستھرائی ، سفیدی اور عملہ کی حاضری یقینی بنائیں تاکہ صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ بطریق احسن کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیپرا ہدایات کو مدّنظر رکھتے ہوئے تمام کمپلینٹ سنٹرز اور دفاتر میںپینے کا پانی، بیٹھنے کے انتظامات سمیت ٹیلی فون اور ریکارڈ دُرست حالت میں رکھا جائے۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے کی صورت میں جہاں کہیں ٹرالی ٹرانسفارمر نصب کئے جاتے ہیں وہاں جتنی جلدی ممکن ہو سکے مرمت شدہ یا نیا ٹرانسفارمر لگا کر ٹرالیاں ہٹائی جائیں تاکہ راہگیروں کیلئے کوئی دقت نہ ہو اور اس بات کا خاص طور پر خیال رکھا جائے کہ اُن ٹرالیوں پر رات کے وقت لائٹ اور ریفلیکٹرز بھی نصب ہوںتاکہ اندھیرے میںکسی حادثے کا سبب نہ بنیں۔ چیف اگزیکٹو نے کہا کہ کمپنی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے ہمیں سخت محنت کی ضرورت ہے لہذا بجلی چوروں کے خلاف کاروائی اورنادہندگان سے ریکوری کیلئے کسی قسم کے دبائو کو خاطر میں لائے بغیر کاروائیاں عمل میں لائیں۔

متعلقہ عنوان :