چائلڈ پروٹیکشن یونٹ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سکھر کی جانب سے تقریب کا انعقاد

جمعرات 17 اگست 2017 23:45

سکھر۔ 17اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) چائلڈ پروٹیکشن یونٹ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سکھر کی جانب سے ورلڈ ویژن انٹرنیشنل پاکستان ، پی ای ایچ اے ایل ‘ ڈسٹرکٹ سپورٹ گروپ اور رور سائیڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے اشتراک سے جشن آزادی کی تقریب ڈائیوکسن بوائز ہاسٹل مشن کمپاؤنڈ مشن روڈ سکھر میں منعقد کی گئی ، جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر نئی نسل کی تعلیم سے دوری کے اسباب اور مشکلات پر غور وفکر کیا گیا ۔

تقریب کے دوران مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے درمیان ڈرائنگ اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ ملی نغمے اور آزادی کے حوالے سے ٹیبلوز بھی پیش کئے گئے ۔ اس موقع پر مقررین نے حب الوطنی اور بچوں کی تعلیم اور شعور کو اجاگر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر ہمیں اپنی بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور بچیوں کی کم عمری میں شادیوں کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھانے چاہیئے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی ہیڈ کوارٹر سکھر راشد ہدایت نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کو بدسلوکی اور تشدد سے بچانے کے لئے پولیس اہم کردار ادا کر رہی ہے ، بچوں کو تحفظ کے لئے کام کرنے والی این جی اوز اور دیگراداروں کو بچوں پر کسی بھی قسم کے تشدد کا واقعہ رپورٹ ہو تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں ۔ سرسوکی ڈسٹرکٹ منیجر نسرین نے کہا کہ مستقبل میں ہمارے بچوں کو اس ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے یہاں تمام مذاہب کے افراد کو اپنے تہوار منانے کی مکمل آزادی ہے ، یہ بچے ہی ہمارے ملک کا مستقبل ہیں ، اساتذہ کو چا ہیئے کہ وہ ہمارے بچوں کو اچھی تعلیم وتربیت فراہم کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں ،ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر محمد سلیم خانزادہ نے کہا کہ آزادی ایک لفظ کا نام نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک صدی کی جدوجہد شامل ہے ۔ یہاں تعلیم اور صحت کے دو الگ الگ نظام رائج ہیں ایک خاص دوسرا عام ہے جس کی وجہ سے بچوں میں احساس کمتری بڑھ رہا ہے ۔ سوشل ویلفئیر افسر ناظرہ فوکل پرسن چائلڈ پروٹیکشن یونٹ عبدالقدوس میمن، ابصار فاطمہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔