جمہوری نظام کو موثر بنانے ، ملک کی ترقی خوشحالی میں ووٹ کا استعمال بڑی اہمیت کا حامل ہے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خیرپور

جمعرات 17 اگست 2017 23:45

سکھر۔ 17اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مسعود احمد قریشی ، الیکشن آفیسر محمد یوسف مجیدانو نے پریس کلب خیرپور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری نظام کو موثر بنانے ، ملک کی ترقی خوشحالی کیلئے ووٹ کا استعمال بڑی اہمیت کا حامل ہے 50 فیصد افراد انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہیں جبکہ 30 فیصد شہری ووٹ کا استعمال نہیں کرتے جس کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین کی خصوصی ہدایت پر ووٹ کی اہمیت ، قومی شناختی کارڈ بنوانے اور رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کے سلسلے میں آگاہی مہم تیز کی گئی ہے ۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو جمہوری نظام کی مضبوطی اور بہتر کرنے کے لیے انتخابات کے دوران مثبت کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ووٹ کا اندراج کل نہیں آج کے عنوان تحت مہم کو تیز کیا گیا ہے ووٹ کے اندراج، درستگی اور قومی شناختی کارڈ بنوانے کے سلسلے میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے آئی بی اے، اسکولوں ، کالجوں اور دیگر اداروں میں سیمینار، ورکشاپ، سمپوزیم منعقد کیے گئے ہیں جبکہ اس سلسلے میں ووٹر ایجوکیشن کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں خواتین، مرد، نوجوان،اے ڈی سی ٹو اور اسپیشل افراد کو بطور رکن لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

مسعود احمد قریشی نے بتایا کہ خیرپور میں ووٹرز کی تعداد 9 لاکھ69 ہزار445 ہے جس میں مرد ووٹرز5 لاکھ31 ہزار سے زائد اور خواتین ووٹرز کی تعداد4 لاکھ37ہزار698 ہے اس حساب سے ایک لاکھ ووٹرز کا فرق ہے جس کو ختم کرنے کے لیے مہم جاری ہے انہوں نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ووٹرز میں شعور کی بیداری کے حوالے سے میڈیا اہمیت کی حامل ہے اور تمام صحافی مثبت تعاون پیش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات سے قبل اس مہم کو مزید تیز کیا جائے گا اور ضلع کے تمام تحصیلوں کے دیہات، چھوٹے بڑے شہروں میں آگاہی مہم کے حوالے سے پروگرام منعقد کیے جائیں گے ۔

محمد یوسف مجیدانو نے کہا کہ 18سال سے زائد عمر کے حامل نوجوان اور افراد اپنا ووٹ داخل کرائیں 8300 کے توسط سے اپنے ووٹ کی تفصیلات اپنے موبائل فون پر حاصل کی جاسکتی ہے اور درست جگہ اندراج اور نام کی درستگی کے حوالے سے ضلعی الیکشن کمین کے آفس سے رابطہ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :