چکدرہ گرڈ سٹیشن کی تعمیر کا کام آئندہ سال جنوری تک مکمل ہو جائے گا ،ْعابد شیر علی

‘ ہمارے ساتھ امتیازی برتائو نہ کیا جائے ،ْ شبیر اکبر خان

جمعرات 17 اگست 2017 23:42

چکدرہ گرڈ سٹیشن کی تعمیر کا کام آئندہ سال جنوری تک مکمل ہو جائے گا ،ْعابد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) وزیر مملکت برائے بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ چکدرہ گرڈ سٹیشن کی تعمیر کا کام آئندہ سال جنوری تک مکمل ہو جائے گا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں صاحبزادہ طارق اللہ کے بونیر‘ دیربالا اور دیرپائیں سوات اور مالاکنڈ ایجنسی میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے بجلی نے کہا کہ 220 میگاواٹ کا چکدرہ گرڈ سٹیشن جب تک تعمیر نہیں ہوگا یہ مسئلہ رہے گا۔

ہمارے پاس ان علاقوں کی سپلائی کے لئے متبادل نظام نہیں۔ یہ جنوری 2018ء تک مکمل ہوگا۔ کے پی کے کی صوبائی حکومت نے زمین کے حصول میں تاخیر سے کام لیا ہے۔ صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ وہاں کی عوام سخت غم و غصہ میں ہے، ہمارے خلاف نعرے بازی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر کمیٹی بنا کر لوڈشیڈنگ کی صورتحال معلوم کریں۔ عابد شیر علی نے کہا کہ ہم نے 2013ء میں 54 کروڑ روپے صوبائی حکومت کے حوالے کئے۔

ان علاقوں میں 12 سے 13 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، بعض علاقوں میں نقصانات کی شرح بہت زیادہ ہے، ہم نے نیک نیتی سے رقم ادا کی تھی، ہمارا کوئی قصور نہیں ہے، صوبائی حکومت نے اڑھائی سال تاخیر سے زمین ہمارے حوالے کی، آٹھ ماہ میں یہ گرڈ سٹیشن مکمل ہو جائے گا۔ شیر اکبر خان نے کہا کہ بونیر اور مالاکنڈ میں ریکوری 100 فیصد ہے، بونیر کو بجلی مردان سے سپلائی ہوتی ہے‘ ہمارے ساتھ امتیازی برتائو نہ کیا جائے۔ صاحبزادہ یعقوب خان اور عائشہ سید کے سوالات کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ پیر کو صبح دس بجے فاضل ارکان میرے پاس تشریف لائیں ‘ مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے 240 فیڈرز پر زیرو لوڈشیڈنگ ہے۔

متعلقہ عنوان :