چوہدری نثار علی خان کا پارٹی کے قائم مقام صدر کے انتخاب کے طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار

جب تمام فیصلے لاہور میں بیٹھ کر کرنے ہیں تو پھر مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلانے کی کیا ضرورت تھی ،ْسابق وزیر داخلہ چوہدری نثار جو کہہ رہے ہیں ٹھیک کہہ رہے ہیں ،ْ خواجہ سعد رفیق نے بھی تائید کر دی

جمعرات 17 اگست 2017 23:37

چوہدری نثار علی خان کا پارٹی کے قائم مقام صدر کے انتخاب کے طریقہ کار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے پارٹی کے قائم مقام صدر کے انتخاب کے طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس چیرمین راجا ظفرالحق کی زیرصدارت پنجاب ہاؤس میں ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے دوران قائم مقام صدر کے انتخاب کے طریقہ کار پر چوہدری نثار نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس سے پہلے پارٹی کے قائم مقام صدر کے نام کا اعلان کیوں کیا گیا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ جب تمام فیصلے لاہور میں بیٹھ کر کرنے ہیں تو پھر مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلانے کی کیا ضرورت تھی۔چوہدری نثار نے تحفظات کا اظہار وزیراعظم کے سامنے کیا، لیکن کسی پارٹی رکن نے اس موقع پر جواب نہیں دیا لیکن خواجہ سعد رفیق نے چوہدری نثار کے تحفظات کی تائید کی اور کہا کہ چوہدری نثار جو کہہ رہے ہیں ٹھیک کہہ رہے ہیں۔