وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کی ملاقات

میڈیا، ثقافت اور انفارمیشن کے میدان میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال پاکستان قومی نشریات اور فلم کمیشن کا قیام عمل میں لا رہا ہے جس میں فلمی صنعت کی بحالی اور فنکاروں، پروڈیوسروں اور فلم سازوں کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا جائے گا تاکہ وہ ایرانی مدد سے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید مؤثر اور متحرک بنا سکیں،وزیر مملکت مریم اورنگزیب

جمعرات 17 اگست 2017 23:28

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے یہاں میں ملاقات کی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان قومی نشریات اور فلم کمیشن کا قیام عمل میں لا رہا ہے جس میں فلمی صنعت کی بحالی اور فنکاروں، پروڈیوسروں اور فلم سازوں کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا جائے گا تاکہ وہ ایرانی مدد سے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید مؤثر اور متحرک بنا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ملکوں کے قومی ورثے، ثقافتی اقدار اور مذہب ایران اور پاکستان کی عوام کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان ثقافتی تبادلوں اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے اور مذہبی اور ثقافتی لحاظ سے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان پہلے ہی موجود ہیں تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعلقات میں مزید توسیع کیلئے ایرانی حکومت کی جانب سے کسی بھی پہلو کا خیرمقدم کرے گا اور دونوں ممالک کے لوگوں کو ایک دوسرے کی ثقافت سے متعارف کرانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر مملکت نے ثقافتی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے وفد کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا اور وزارت انفارمیشن کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایران کے سفارتخانہ کے ساتھ ایک مؤثر رابطہ اور تعاون کو قائم کرنے کیلئے ثقافتی وفد کے تبادلے میں اضافہ کو یقینی بنائیں۔

ملاقات میں ایرانی سفیر اور وزیر مملکت نے خاص طور پر میڈیا، ثقافت اور انفارمیشن کے میدان میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر مملکت نے مشترکہ قومی ورثے اور اقدار کو فروغ دینے کیلئے مل کر فلم اور ڈراموں کی پروڈکشن کی تجویز بھی دی۔ ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں تعلقات کو بامعنی اور نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں۔ مہدی ہنر دوست نے وزیر اطلاعات کو اسلام آباد میں قائم ایرانی سفارتخانہ کے فارسی مرکز کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔

متعلقہ عنوان :