صوبائی حکومت دور دراز علاقوں میں تعلیم صحت اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی

جمعرات 17 اگست 2017 22:49

صوبائی حکومت دور دراز علاقوں میں تعلیم صحت اور صاف پانی کی فراہمی کو ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2017ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ عوام کو تعلیم ،صحت اور صاف پانی کے حوالے سے درپیش مشکلات سے نجات دلانے اور معاشرے کی عظیم اکثریت کی معاشی اور سماجی سرگرمیوں میں شمولیت اور شرکت کو یقینی بنانے سے ایک صحت مند اور جمہوری معاشرے کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

اس ضمن میں موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے دور دراز علاقوں میں تعلیم ، صحت اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخواہ میپ کے سینیٹر سردار اعظم موسیٰ خیل کی قیادت میں موسیٰ خیل کے 27رکنی وفد سے ملاقات کے دوارن بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ موسیٰ خیل صوبے کا ایک زرخیز علاقہ ہے اور یہاں کے لوگ بہت ملنسار اور مہمانواز ہیں۔

(جاری ہے)

موسیٰ خیل میں مال مویشی کے کاروبار کو فروغ دینے کے حوالے سے کئی روشن امکانات ہیں جو ملک وصوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے مذکورہ علاقہ کے عوام کیلئے پہلے بھی کئی ترقیاتی منصوبے فراہم کئے ہیںاور آئندہ بھی ہر ممکن تعاؤن کرتے رہیں گے ۔سینیٹرسردار اعظم موسیٰ خیل نے گورنر بلوچستان کا ضلع موسیٰ خیل کیلئے فراہم کئے گئے منصوبوں کے حوالے سے شکریہ ادا کیا اور موسیٰ خیل کے عوام کو درپیش مصائب و مشکلات سے آگاہ کیا۔

گورنر نے ان کے مسائل و مشکلات کو توجہ اور غور سے سُنا اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن تعاؤن کی یقین دہانی کرائی۔آخر میں گورنر بلوچستان کی جانب سے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا ۔ بعد ازاں اراکین اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی اور سید لیاقت آغا نے بھی گورنر سے علحیدہ علحیدہ ملاقات کی۔