حکومت پنجاب لاہور میں تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن قائم کرے گی، رانا مشہوداحمد

جمعرات 17 اگست 2017 22:27

حکومت پنجاب لاہور میں تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاںنے کہا ہے کہ حکومت پنجاب لاہور میں تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن قائم کرے گی۔اس یونیورسٹی کے قیام کا مقصد ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل سیکٹر کیلئے بہترین سکلڈ ورک فورس تیار کرنا ہے۔ اس طرح نوجوان نسل کی جدید ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن تک رسائی بھی ممکن ہو گی اور اس یونیورسٹی کے طالبعلم دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔

یہ بات انہوں نے تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ایجوکیشن چائنہ کے اشتراک سے لاہور میں تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے قیام کے حوالے سے انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کے کمیٹی روم میںمنعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میںٹیوٹا، انڈسٹریزُُاورسکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر رانا مشہود کوتیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میںٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل یونیورسٹی کے مختلف قانونی اورتکنیکی امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔رانا مشہود نے تیانجن پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کی فیکلٹی اور سبجکٹ سپیشلسٹس کی جلد بھرتی کی ہدایت کی اور بتایا کہ اس یونیورسٹی میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کے سات مختلف پروگرامز متعارف کروائے جائیں گے جس سے ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل سیکٹر کو فائدہ پہنچے گا۔