تمام بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹوں پر آنے والی گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور افرادکی چیکنگ میں کوتاہی نہ برتی جائے،آئی جی پنجاب

جمعرات 17 اگست 2017 21:34

تمام بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹوں پر آنے والی گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ تمام بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹوں پر آنے والی گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور افرادکی چیکنگ میں کوتاہی نہ برتی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی ، امجد جاوید سلیمی ، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن ، اظہر حمید کھو کھر ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز ، محسن حسن بٹ ، ڈی آئی جی آپریشنز ، عامر ذوالفقار خان ، ڈی آئی جی ، ہیڈ کوارٹر بی اے ناصر، ڈی آئی جی ، آر اینڈ ڈی احمد اسحاق جہانگیر ، ڈی آئی جی ، ڈویلپمنٹ کامران خان ، ڈی آئی جی ، پی ایچ پی غلام محمود ڈوگر ، اے آئی جی آپریشنز ، وقار عباسی ، اے آئی جی لاجسٹکس، رائے بابر سعید سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تمام بین الصوبائی چیک پوسٹوں خاص کر اٹک ،میانوالی ، بھکر اور راولپنڈی کی بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹوں پر تعینات عملے کو گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ بھی دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام چیک پوسٹوں پر تعینات عملے کو اس بات کا احساس دلایا جائے کہ ان کی ذرا سی غفلت کسی بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے ، لہذا یہاں آنے والی گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور افراد کو توجہ اورالرٹ ہو کر چیک کیاجائے خاص کر برقع پوش خواتین کی چیکنگ سے قبل انکے پاؤں پر نظر ضرور رکھی جائے جس سے یہ اندازہ کرنا آسان ہوگا کہ برقع پوش مرد ہے یا خاتون ۔

آئی جی نے اجلاس میں مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں اور دریائی چیک پوسٹوں کا عملہ، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر وسائل صرف چیک پوسٹوں کے لیے ہی استعمال میں لائے جائیں اوریہ وسائل کسی طور ضلع میں زیر استعمال نہ لائے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے بین الصوبائی چیک پوسٹوںاورموٹر وے سے منسلک پوائنٹوں پر تعینات عملے کی غیر تسلی بخش کارکردگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او چکوال سے وضاحت طلب کر لی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر تمام ڈی پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان چیک پوسٹوں کو ہر 15روز بعد خود چیک کیا کریں اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ انہیں ڈیوٹی کی حساسیت کے حوالے سے بریف بھی کیا کریں۔ آئی جی نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تمام چیک پوسٹوں پرگاڑیوں کی چیکنگ اور نگرانی میں استعمال ہونے والے تمام آلات بشمول سی سی ٹی وی کیمرے، اینٹی وہیکل کار لفٹنگ سافٹ وئیر سسٹم اور انٹرنیٹ کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور گاڑیوں کی چیکنگ کے عمل کی سنٹرل پولیس آفس میں آن لائن مانیٹرنگ کو مزید مئوثر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان چیک پوسٹوں پر بائیو میٹرک ڈیوائس کے آپریشنل ہونے کو ہر صورت یقینی رکھا جائے اوران کی باقاعدگی سے چیکنگ کو شعار بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :