وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبے کے تعلیمی پروگراموںمیں نیوٹیک کے پوزیشن ہولڈرز کے طلباء و طالبات کو شامل کرنے کا اعلان

پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے،نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے، شہبازشریف

جمعرات 17 اگست 2017 22:25

وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبے کے تعلیمی پروگراموںمیں نیوٹیک کے پوزیشن ہولڈرز ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے ۔ملک کی 60فیصد آبادی 15سے 30سال کی عمر کے نوجوانوں پرمشتمل ہے،جنہیںجدید علوم سے آراستہ کر کے ملک وقوم کی تقدیر بدلیں گے۔پاکستان کی نوجوانوں پر مشتمل 60فیصد آبادی کی توانائیوں کو بروئے کارلانے کے چیلنج کو مواقعوں میں بدلنا ہے اوراگر آبادی کے اس بڑے حصے کی توانائیوں کو صنعت،تجارت اوردیگر شعبوں کی ترقی کیلئے استعمال میںنہ لایاگیاتو خدانخواستہ ہم یہ موقعہ کھودیںگے۔

ہمارے پاس تیل اورگیس کے قابل ذکر ذخائر نہیں ہیں اورسوئی کے مقام پر نکلنے والی گیس کا خزانہ بھی ختم ہونے کو ہے۔ہمارا خزانہ ہمارے نوجوان ہیں ۔

(جاری ہے)

انہیں فنی تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے تیل اورگیس سے زیادہ آمدن حاصل کی جاسکتی ہے ۔پنجاب حکومت نے فنی تعلیم کے فروغ کیلئے بے مثال اقدامات کیے ہیں جن کے خاطر خواہ نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں۔

نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن(نیوٹیک)نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کرنے میں اہم کردارادا کررہا ہے۔تاہم اسے پنجاب کے فنی تعلیم کے اداروں ٹیوٹا،پی وی ٹی سی اورپنجاب سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ساتھ ملکر آگے بڑھنا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت کے پوزیشن ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کے پروگراموں میں نیوٹیک کے پوزیشن ہولڈرز کو شامل کرنے کا بھی اعلان کیا ۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں مقامی ہوٹل میں نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن(نیوٹیک)کے طلبا ء و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیوٹیک کے کورسز میں نمایاں کارکردگی دکھانے اورانعامات حاصل کرنیوالے طلباء و طالبات کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دی اورکہا کہ آپ پاکستان کے درخشندہ ستارے ہیں اورآپ نے محنت کے ذریعے پاکستان کی تقدیر بدلنا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ آپ اس قوم کی امید ہیں اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں ،میری آپ کو نصیحت ہے کہ دن رات محنت کریں اورپاکستان کو عظیم سے عظیم ملک بنانے کیلئے شب روز ایک کردیں۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت ہر سال پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں نقد انعامات دیتی ہے ۔ پوزیشن ہولڈرز کے وفد کو یورپی ممالک کے معروف تعلیمی اداروں میں مطالعاتی دورے پر بھجوایا جاتا ہے اوران پروگراموں میں پنجاب کے علاوہ پاکستان کی تمام اکائیوں کے ہونہار طلباء و طالبات کو شامل کیاگیا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ آئندہ ان پروگراموں میں نیوٹیک کے پوزیشن ہولڈرز کو بھی شامل کیاجائے گا۔وزیراعلیٰ نے نیوٹیک ادارے کی تاریخ کا پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ 1997ء میں جب مجھے پنجاب کے عوام نے اورمیری پارٹی نے پہلی دفعہ پنجاب کا خادم منتخب کیا تو یہاںٹیکنیکل ٹریننگ کے نام پر صرف وقت ضائع کیا جارہا تھا۔اداروں میں صرف کاغذوں پر کارروائی ہوتی تھی اورووکیشنل ٹریننگ کا کوئی وجود نہ تھا۔

1997ء سے 1999ء تک اڑھائی سالہ دور میں ہم نے پنجاب میں ٹیوٹااورپی وی ٹی سی جیسے اداروں کی بنیاد ڈالی،پھر بدقسمتی سے ہماری حکومت پر شب خون ماراگیا اوردور آمریت میں پنجاب کی طرز پر نیوٹیک ادارے کی بنیاد رکھی گئی لیکن فنی تعلیم کے حوالے سے اس ادارے نے کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا ۔اب ذوالفقار چیمہ کی قیادت میں نیوٹیک نے ترقی کی ہے،نصاب کی تبدیلی اوراسے مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے جو شاندار کام ہوا ہے اس پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان میں فنی تعلیم کے فروغ کی بڑی گنجائش موجود ہے اوراس شعبے میں بے پناہ پوٹینشل ہے ۔فنی تعلیم کو فروغ دے کرپاکستان سے غربت اوربے روزگاری جیسے مسائل کم کیے جاسکتے ہیں۔میری تجویز ہے کہ پنجاب کے فنی تعلیم کے ادارے ٹیوٹا،پی وی ٹی سی اورنیوٹیک کے درمیان رابطہ ہونا چاہیے اورنیوٹیک پنجاب سکل ڈویلپمنٹ کمپنی کی حکمت عملی کو بھی اپنائے۔

انہوںنے کہا کہ ہم سکول اورفنی تعلیم کے مراکز نہیں بناتے بلکہ فنی تعلیم سے وابستہ بہترین کمپنیوں کی خدمات حاصل کر کے قوم کے بیٹے اوربیٹیوں کو تربیت دلاتے ہیں اور ان کمپنیوں کی تربیت اعلی معیار کی ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت پاکستان میں چین نے 60ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور آئندہ مزید سرمایہ کاری بھی آئے گی۔

پنجاب اوردیگر صوبوں سے ہم نے سینکڑوں بچے اوربچیوں کو چینی زبان سیکھنے کیلئے چین بھجوایا ہے۔چینی زبان سے ہی بیجنگ اسلام آباد،بیجنگ کوئٹہ،بیجنگ لاہور،بیجنگ پشاوراوربیجنگ کراچی کے مابین پل بن سکے گا۔اس لئے میری تجویز ہے کہ نیوٹیک چینی زبان کے کورسز کا بھی اجراء کرائے۔انہوںنے کہا کہ یہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ برلن میں ہونے والی جی 20 کے اجلاس میں بھارت کے وزیراعظم نریند رمودی تو موجود تھے لیکن وہاں پاکستان کی نمائندگی نہیں تھی۔

پاکستان ایک نیوکلیئر ملک ہے اور ہمارے اندر کسی چیز کی کمی نہیں ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے حال ہی میں پاکستان کی 70وی سالگرہ منائی ہے لیکن ہم نے قائد ؒو اقبالؒ کے افکار پر عمل نہیں کیا۔اگربانیان پاکستان کے فرمودات کو نظر انداز کیا تو اقوام عالم میںہمیں کہیں جگہ نہیں ملے گی۔ہمیں محنت،امانت اوردیانت کے اصولوں کو اپنا کر پاکستان کو عظیم سے عظیم تر ملک بنانا ہے۔

میری نوجوانوں سے درخواست ہے کہ خدارا آپ میں بڑا پوٹینشل موجود ہے اور آپ کو ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے محنت ،امانت اوردیانت جیسے اصولوں کو اپنانے کا وعدہ کرنا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ ہمیں پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانا ہے تاکہ کوئی خارجی ملک پاکستان کے خلاف ہتک آمیز بات نہ کرسکے اورکوئی ہمیں ڈکٹیشن دینے کی جرأت نہ کرے ۔

یہ سب اسی وقت ہوگا جب ہم محنت ،امانت اوردیانت کو اپنا شعار بنائیںگے۔قبل ازیں نیشنل ووکیشن اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار چیمہ نے اپنے خطاب میں ادارے کے اغراض و مقاصد اورپروگراموں پر روشنی ڈالی۔انہوںنے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ محنت کش کا دوست ہے اوریہ تقریب محنت کشوں کے اعزاز میں منعقد کی گئی ہے اور میں وزیراعلیٰ کا شکریہ اداکرتا ہوں کہ وہ اللہ کے ان دوستوں کی حوصلہ افزائی کے لئے تشریف لائے ہیں۔وزیراعلیٰ نے نیوٹیک کے پوزیشن ہولڈرز طلبا ء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔صوبائی وزیر صنعت شیخ علاؤالدین،صنعتکاروں ،تاجروں اورنیوٹیک کے طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔