تمام اداروں میں سو فیصد بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کی گئیں، میرٹ پالیسی اپنا کر پنجاب کے عوام کی بڑی خدمت کی ہے، ترکی جانیوالے طلباء و طالبات پاکستان کے سفیر اور درخشندہ ستارے ہیں،

انہیں اپنے طرزعمل سے ملک و قوم کا نام روشن کرنا ہے،ترکی اورپاکستان کے مابین گہرے دوستانہ اوربرادرانہ تعلقات ہیں، دکھ سکھ کی گھڑی میں ایک دوسرے کیساتھ کھڑے رہے ہیں، محنت،ایثار،قربانی وہ اصول ہیں جنہیں اپنا کر ملک اورقوم کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے، انشاء اللہ ملک کو خوب سے خوب تر بنائینگے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا ترکی زبان سیکھنے کیلئے ترکی جانے والے طلبا و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 17 اگست 2017 22:23

تمام اداروں میں سو فیصد بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کی گئیں، ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں 70سال سے رائج اقرباء پروری اور سفارش کلچر کا خاتمہ کر کے زندگی کے تمام شعبوں میں میرٹ کو فروغ دیا ہے۔صوبے میںایک لاکھ 50 ہزار سے زائد اساتذہ میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کئے گئے ہیں۔ محکمہ پولیس میں سپاہی سے لے کرآفسر تک بھرتی سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہے ۔

تمام اداروں میں میرٹ پالیسی اپنانا پنجاب کے عوام کی بڑی خدمت ہے اگر کہیںمیرٹ کی خلاف ورزی کی کوئی مثال سامنے آئی ہے تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے ۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار30طلباء و طالبات کا وفد ترک زبان سیکھنے کیلئے ترکی بھجوایاجارہا ہے اورپنجاب بھر سے ان طلباء و طالبات کا انتخاب سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر کیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

ترک زبان سیکھنے کیلئے ترکی جانیوالے طلباء و طالبات پاکستان کے سفیر ہیں اورانہیں اپنے طرزعمل سے ملک و قوم کا نام روشن کرنا ہے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کااظہار ماڈل ٹاؤن میں ترکش زبان سکالر شپ پروگرام کے تحت ترکی جانے والے طلبا ء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے طلباء و طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے درخشندہ ستارے ہیںاورآپ ترکی کی معروف یونیورسٹی آف استنبول میںترک زبان سیکھنے کیلئے جارہے ہیں اوراس یونیورسٹی نے دنیا کے معروف سکالر زپیدا کیے ہیں ۔

آپ نے محنت کرنا ہے کیونکہ محنت،محنت اورصرف محنت ہی کامیابی کا زینہ ہے۔انہوںنے کہا کہ ترکی اورپاکستان کے مابین گہرے دوستانہ اوربرادرانہ تعلقات قائم ہیںاوردونوں ممالک دکھ سکھ کی گھڑی میں ایک دوسرے کیساتھ کھڑے رہے ہیں۔دونوں ممالک کے عوام مابین باہمی احترام اورمحبت کارشتہ موجود ہیںاوران کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ہمیں ترکی کی دوستی پر فخر ہے اورترکی نے مشکل حالات میں پاکستان کا بھر پور ساتھ نبھایاہے۔

پاکستان اورترکی یکجان دو قالب ہیں اوردونوں ممالک میں دوستی اور معاشی تعاون بڑھ رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ پنجاب میں ترکی کی متعدد کمپنیوں نے سرمایہ کاری کررکھی ہے اورپنجاب حکومت و ترک کمپنیوں کے مابین اشتراک کار بڑھ رہا ہے ۔اس لحاظ سے پاکستانی نوجوانوں کیلئے ترکی زبان سیکھنا نہایت ضروری ہے۔انہوںنے کہاکہ میںطلباء و طالبات کے سو فیصد میرٹ پر انتخاب پر صوبائی وزیر تعلیم،چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ،سیکرٹریز تعلیم ،وائس چانسلر اوران کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوںنے کہاکہ پنجاب میں جنوبی ایشیاء کی بہترین فرانزک سائنس لیب قائم کی گئی ہے اوراس لیب میں بھی میرٹ کی بنیاد پر باصلاحیت افراد شامل کیے گئے ہیں۔ عدالت عالیہ اور عدالت عظمی کے معزز جج صاحبان اس لیب کا دورہ کرچکے ہیں ۔اس لیب میں نہ صرف پاکستان کے تمام صوبوں سے بلکہ دیگر ممالک سے بھی کیسز یہاں ریفر ہوتے ہیں۔لیب میں باصلاحیت لوگ ہیں،شفافیت اورمکمل رازداری کا نظام موجود ہیں۔

انہوںنے کہاکہ دنیا کی اس شاندار فرانزک لیب نے پاکستان کے 20کروڑ عوام کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔اسی طرح سٹیٹ آف دی آرٹ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز بھی بنائی گئی ہیں اور میں بلاخوف تردید کہہ سکتا ہوں کہ اس لیب میں تمام عملہ میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا گیاہے ۔سفارش آئی تھی کہ اس لیب میں پرانا عملہ رکھا جائے تو میں نے اسے رد کیا اورکہا کہ اگر وہی عملہ آگیا تو لیب تباہ ہوجائے گی اور ان لیب کی وجہ سے جعلی ادویات کے باعث لوگ مرتے رہیں یہ کسی صورت برداشت نہیں۔

انہوںنے کہا کہ جو لوگ ہمیں ووٹ دیتے ہیں قوم کے ان عظیم لوگوں کیساتھ سچائی شیئر نہ کرنا بڑا ظلم ہے کیونکہ یہ لوگ پہلے ہی اس نظام سے بیزار ہیں۔پچھلے سال جو ادویات خریدی گئیں ان کے نمونوں ان لیب سے ٹیسٹ کیے گئے تو مافیا سے ملی ہوئی ان لیب میں 99فیصد نمونوں کو درست قرار دیاجبکہ غیر ملکی لیبز نے 33فیصد نمونوں کو مستردکیا اورانہیں غیر معیاری قرار دیا۔

انہوںنے کہا کہ جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والے موت کے سوداگر ہیں اورانسانیت کے قاتل ہیں۔ہم نے صوبے سے جعلی غیر معیاری ادویات کے خاتمے کا تہیہ کیاہوا ہے،اسی لئے ادویات کے نمونوں کا غار کے زمانے کے لیبز تجزیہ نہیں کرایاگیا کیونکہ ان پر ہمیں اعتبار نہ تھا ۔یہ قدیم لیبز قتل گاہیں تھیں اور 70سال سے یہی کاروبار چلا آرہا ہے ۔ میں گزشتہ 9سالوں سے اس مافیا کے خلاف لڑ رہاہوں۔

جہاں سے علم یا ہنر ملے تو اسے اپنانے میں کوئی شرم کی بات نہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میںوسائل کی غربت نہیں ،غربت ہے تو وہ صرف سوچ کی ہے۔پاکستان میں وسائل ہیں تو ہم اپنے نوجوانوں کو چین اورترکی تعلیم کیلئے بھجوارہے ہیںاوران پروگراموں پر کروڑوں روپے خرچ کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے اخراجات پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے سود مند سرمایہ کاری ہے ۔

انہوںنے کہا کہ رواں سال ادویات کی خریداری کیلئے ادویات کے نمونے برطانیہ،جنوبی افریقہ ،سنگاپور اورترکی میں بھجوائے گئے ہیں ۔ترکی پاکستان کا دوست ملک ہے اس لئے وہ ان ادویات کے نمونوں کا تجزیہ مفت کررہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ معیاری ادویات پر امیروں کا نہیں غریبوں کابھی پورا حق ہے ۔انہوںنے کہا کہ صدر ،وزیراعظم،چیف آف دی آرمی سٹاف،ججز،جرنلز،بیورکریٹس جو ادویات استعمال کرتے ہیں وہی دوائی غریب کو بھی ملنی چاہیے اور ہم اسے یقینی بنا رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ 70سال گزرنے کے باوجودامیروں کو تو تمام سہولتیں میسر ہوں لیکن غریب بنیادی سہولتوں سے بھی محروم رہیں یہ قائدؒاوراقبالؒ کا پاکستان نہیں۔ہم نے کچھ روز قبل یوم آزادی منایا اوراس کا ابدی پیغام یہی ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کو آگے بڑھنے کے مساوی اوریکساں مواقع ملیں۔انہوںنے کہا کہ ہم نیوکلیر طاقت ہونے کے باوجود معاشی اورسیاسی طورپر محکوم ہیں،یہ ہماری قسمت نہیں اوراس لئے پاکستان نہیں بنایاگیا تھا۔

ہم نے خود خرابیاں پیدا کی ہیں اورہمیںخود ہی اسے ٹھیک کرنا ہے ۔اللہ تعالیٰ سب کچھ کرسکتا ہے لیکن محنت،ایثار،قربانی وہ اصول ہیں جنہیں ہم اپنا کر ملک اورقوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ترکی کے عوام اپنے پاکستانی بھائیوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں میںطلباء کیلئے ترکی زبان سیکھنے کے پروگرام میں تعاون پر اپنے بھائی ترک قونصل جنرل کا بھی بے حد شکرگزار ہوں۔

میڈیا کے نمائندوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاستدانوںکو بھی شارٹ کورسز کرائے جاتے ہیں اورمیں نے اکیڈمی میں ان کی تربیت بھی کروائی تھی،جس طرح ہم دیگر اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے کام کررہے ہیںاورتربیت کا انتظام کیاگیا ہے اس طرح سیاستدانوں کو بھی اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے شارٹ کورسز کرنے چاہیے۔

ایک نجی ٹی وی چینل کی جانب سے لگائے گئے بے بنیاد الزام کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں تو کہتا ہوں کہ سب کو کٹہرے میں کھڑا ہونا چاہیے لیکن اس طرح کے بے بنیاد جھوٹ بول کرآپ بڑی زیادتی کرتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ سیاسی خبر کیلئے میں جلد سیاسی سیشن کروں گااور آپ سے بات ہوگی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ترک زبان سیکھنے کیلئے ترکی جانے والے طلبا ء و طالبات کو لیب ٹاپ بھی تقسیم کیے۔

ترک زبان سیکھنے کیلئے ترکی جانے والے طلبا و طالبات کے وفد میں پانچ افسران بھی شامل ہیں ۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان،ترک قونصل جنرل سردار ڈینز(Mr.Serdar Deniz)،معاون خصوصی ملک محمد احمد خان، پارلیمانی سیکرٹری سکولز ایجوکیشن،وائس چانسلرز،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹریز تعلیم،ماہرین تعلیم اورمتعلقہ حکام نے اس موقع پر موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :