ایم کیوایم (پاکستان ) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار کی سربراہی میں سوشل میڈیا کا عارضی مرکز بہادر آباد میں اجلاس

ضرورت اس بات کی ہے سوشل میڈیا پر ملک دشمنی پر مبنی پروپیگنڈے کی بیخ کنی کی جائے ،اس کیخلاف بھر پور طریقے سے مہم چلائی جائے، ڈاکٹر محمد فاروق ستار

جمعرات 17 اگست 2017 21:12

ایم کیوایم (پاکستان ) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار کی سربراہی میں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیوایم سوشل میڈیا کا اجلاس عارضی مرکز بہادر آباد میں منعقد ہوا جس میں سوشل میڈیا کو فعال کرنے کے حوالے سے مختلف تجاوزپر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین شاہد پاشا ، شکیل احمد ، فرقان اطیب ، شاہد علی ، ابوبکر ، راشد سبزواری اور خالد سلطان بھی موجود تھے ۔

ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے سوشل میڈیا کے ذمہ داران و اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کو پاکستان کی ترقی اور ملک کی بہتری کیلئے استعمال کیا جائے اور اس کلچر کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا اپنی اہمیت اور افادیت رکھتا ہے ، یہ میڈیا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کی مدد سے معاشرتی ناسور اور ناہمواریوں کے خلاف رائے عامہ کو ہموار کیاجاسکتا ہے ، یہ ایک ایسا میڈیم ہے جس سے منفی اور مثبت پروپیگنڈا بیک وقت کیا جاسکتا ہے ، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سوشل میڈیا پر موجود منفی پروپیگنڈے کا موثر توڑ کریں اور اس کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی مرتب کریں ، یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ عالمی سطح پر مختلف ممالک میں سوشل میڈیا کا کردار تبدیلی کے حوالے سے کلیدی رہا ہے جہاں اس فورم کے ذریعے دنیا ایک گائوں میں تبدیل ہوئی اور رابطے آسان ہوئے وہیں مشکلات میں بھی اضافہ ہوا لیکن بہتر حکمت عملی مرتب کرکے اس کے نقصانات کو کم کیا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں ضرورت اس بات کی ہے کہ سوشل میڈیا پر ملک دشمنی پر مبنی پروپیگنڈے کی بیخ کنی کی جائے اور اس کے خلاف بھر پور طریقے سے مہم چلائی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ہر محب وطن پاکستانی کا یہ فرض یہ ہے کہ پاکستان سے اپنی محبت کااظہار کرے اور ایسے عناصر جو سوشل میڈیا پر لاکھوں جانوں کی قربانی کے بعد حاصل ہونے والے ملک کی تحقیراور جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا کررہے ہیں انہیں شائستگی کے ساتھ حقیقت پسندانہ جواب دیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کا سوشل میڈیا پہلے ہی فعال ہے ملک دشمنی پر مبنی پروپیگنڈے کے باعث ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اسے مزید فعال اور متحرک کیاجائے اور اس کی استعداد بڑھائی جائے تاکہ ملک مخالف سرگرمیوں کا سوشل میڈیا پر ڈٹ کر مقابلہ کیاجاسکے ۔