62-63 کا اخراج قبول نہیں،صادق اور امین کی بنیادی شقوں کو نکالنا آئین کو مسخ کرنے کے مترادف ہے‘ محمود الرشید

مسلم لیگ ن نے ملک کے متفقہ آئین سے چھیڑ خانی کی تو تحریک انصاف سڑکوں پر آئے گی ‘ قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی

جمعرات 17 اگست 2017 21:12

62-63 کا اخراج قبول نہیں،صادق اور امین کی بنیادی شقوں کو نکالنا آئین کو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ آئین سے آرٹیکل62-63 کا اخراج قبول نہیں،صادق اور امین کی بنیادی شقوں کو نکالنا آئین کو مسخ کرنے کے مترادف ہے، مسلم لیگ ن نے ملک کے متفقہ آئین سے چھیڑ خانی کی تو تحریک انصاف سڑکوں پر آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ نواز شریف ملکی اداروں اور ریاستی دستور کیخلاف گھنائونا کھیل کھیل رہے ہیں جس سے جمہوریت ڈی ریل ہو سکتی ہے، میاں محمودالرشید نے کہا کہ اسمبلی میں اکثریت کا ہر گز مطلب یہ نہیں کہ حکمران جب چاہیں اپنی پسند ناپسند کی بنیاد میں آئین کے بنیادی ڈھانچے کو ہی تبدیل کر دیں، ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اس وقت آپسی اختلافات کا شکار اور واضح طور پر تقسیم شدہ پارٹی ہے، پنجاب سمیت ملک بھر میں تحریک انصاف ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے سٹیٹس کو کا نعرہ بلند کرکے ملک میں عدل و انصاف اور قانونی کی حکمرانی کیلئے عملی جدو جہد کی اور عمران خان نے قوم کو صبح نو کی امید دلائی اور کرپشن کیخلاف متحد کیا۔

(جاری ہے)

انکا مزید کہنا تھا کہ کہ نواز شریف بول جائیں کہ ان کیلئے کوئی نیا این آر او آئے گا، عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کرپشن اور مافیا کیخلاف جاری جنگ کو اسکے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لے گی۔