نجی تعلیمی ادارے حکومت کا بازو ہیں ، گورنر سندھ

جمعرات 17 اگست 2017 22:10

نجی تعلیمی ادارے حکومت کا بازو ہیں ، گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، موجوہ دور ٹیکنالوجی کا ہے، عصرحاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اعلیٰ تعلیم با الخصوص تحقیق پر بھرپور توجہ دینا ہوگی، پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کرانے سے قبل اعلیٰ تعلیم کا فروغ انتہائی نا گزیر ہے، ملکی آبادی کا 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے ان نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے سے قدرت کے انمول قیمتی خزانہ سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نجی ادارے حکومت کا بازو ہیں جو ملکی ضروریات کے مطابق حکومت سے بھرپور تعاون اور ملکی ترقی میں بھرپور حصہ بھی لے رہے ہیں اس ضمن میں نجی تعلیمی ادارے با الخصوص حبیب یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اہم و معاون ثابت ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حبیب یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حبیب یونیورسٹی کے چیئرمین علی حبیب بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ حبیب یونیورسٹی معیار تعلیم ، عصری تقاضوں کے مطابق درس و تدریسی عمل ، تحقیق ،طب و ٹیکنالوجی کی اعلیٰ تعلیم کا نمایاںادارہ بن چکا ہے ،یونیورسٹی میں ہونے والی عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تحقیق سے دور جدید میں ممتاز مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ یونیورسٹی میں گورنر سندھ کو ایڈمنسٹریشن آفس، کلاس رومز، لائبریری اور تحقیقی لیب کا معائنہ بھی کرایا گیا۔

اس موقع پر انھیں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی، یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق سے متعلق بھی گورنر سندھ کو آگاہ کرتے ہوئے چیئرمین علی حبیب نے بتایا کہ مقامی بورڈز سے 85 فیصد مارکس حاصل کرنے والے 50 طالب علموں کو یونیورسٹی میں اسکالر شپس کے ذریعہ تعلیم فراہم کی جاتی ہے، یونیورسٹی کا اسٹیفورڈ اورہارورڈ یونیورسٹی جیسے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے اشتراک ہے، یونیورسٹی کے 25 طالب علم ہر برس دونوں یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرنے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مستقبل میں یونیورسٹی کو مزید وسعت دی جائے گی اس سلسلہ میں ملک کے مختلف علاقوں میں کیمپس بھی قائم کئے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں۔ گورنر سندھ نے حبیب یونیورسٹی میں ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی اعلیٰ معیار تعلیم کو مزید بڑھانے میں مثالی اقدامات اٹھا رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

متعلقہ عنوان :