کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ میں اسپورٹس جرنلٹس کا کلیدی کردار ہے ، گورنر سندھ

جمعرات 17 اگست 2017 22:08

کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ میں اسپورٹس جرنلٹس کا کلیدی کردار ہے ، گورنر ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ میں اسپورٹس جرنلٹس کا کلیدی کردار ہے، نوجوانوں کو کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے سے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے جبکہ کھیل نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے ، حکمت عملی وضح کرنے اور کامیابی کے حصول میں زبردست تجربہ فراہم کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کو اجاگر کرنے والے صحافی اچھے معاشرہ کی تشکیل میں اہم کردار اداکررہے ہیں ،نوجوانوں کو معاشرہ کا کار آمد شہر بنانے میں دیگر شعبوں کے علاوہ صحافتی خدمات کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتاہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں سندھ اسپورٹس جرنلٹس ایسوسی ایشن کے صدر طارق اسلم کی زیر قیادت آنے والے 7 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

وفد میںجنرل سیکریٹری محمد اصغر، سید نصر اقبال، ارشاد علی، امتیاز نارنجہ اور انور زیب بھی شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایشیئن اسپورٹس فیڈریشن کے جنرل سیکریٹر ی امجد عزیز ملک بھی موجود تھے۔ ملاقات میں کھیلوں کے فروغ میں صحافت کے کردار، کھیلوں کے مقابلوں میں قومی توقعات، با صلاحیت کھلاڑیوں کے لئے مواقعوں کی فراہمی سمیت کھیلوں سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کھیل کے لئے جذبہ نہایت ضروری ہے، جذبہ سے ہی کھیل میں نکھار پیدا کیا جا سکتا ہے، سخت محنت اور لگائو سے کھلاڑی نمایاں مقام حاصل کرسکتے ہیں، 60 اور 70 کی دہائیوں میں پاکستان عالمی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں سرفہرست رہا لیکن بعد میں ہمارے کھیلوں میں معیار ختم ہوتا چلا گیا، لیکن ہمیں ہمت نہیں ہارنی چاہئے بلکہ اور زیادہ لگن کے ساتھ ٹیموں کی تشکیل میں نئے با صلاحیت کھلاڑیوں کی شمولیت سے ماضی کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں سے دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج ابھارا جا سکتا ہے اس ضمن میں موجودہ دور میں کھیلوں کے فروغ میں اہم کا وشیں جاری ہیں۔ ایسوسی ایشن کے صدر طارق اسلم نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پاکستانی صحافت کھیلوں کو اجاگر کرنے اور نوجوانوں کو اس جانب راغب کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے گورنر سندھ کو بتایا کہ اسلام آباد میں اکتوبر کے مہینہ میں نیشنل اسپورٹس رائٹرز ورکشاپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں 30 ممالک کے 60 سے زائد اسپورٹس جرنلٹس شرکت کرینگے۔

انہوں نے گورنر سندھ کو نیشنل اسپورٹس رائٹرز ورکشاپ میں شرکت کرنے کے لئے دعوت نامہ بھی پیش کیا۔ گورنر سندھ نے کہاکہ پاکستانی اسپورٹس جرنلٹس کی طرف سے نیشنل اسپورٹس رائٹرز ورکشاپ کا انعقاد خوش آئند ہے جس میں عالمی سطح کے صحافیوں سے پاکستان کا مثبت تاثر پیدا ہوگا میری پوری کوشش ہوگی کہ اس ایونٹ میں شرکت کرسکوں۔

متعلقہ عنوان :