معیشت کی ترقی کیلئے جتنے کام چار سالوں میں ہوئے ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی،خواجہ تنویر اشرف

جمعرات 17 اگست 2017 22:08

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء)معیشت کی ترقی کیلئے جتنے کام گزشتہ چار سالوں میں کئے گئے ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی ان خیالات کا اظہار صوبائی نائب صدر مسلم لیگ ن ٹریڈرز ونگ خواجہ تنویر اشرف نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا دارومدار معیشت پر منحصر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

جب نواز شریف نے وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالا تب صنعتکار بد ترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اپنے کاروبار بیرون ممالک منتقل کرنے پر پر تول رہے تھے انڈسٹریل یونٹس کا پہیہ بری طرح جام ہوچکا تھا مزدور بیروزگاری کے باعث بیرون ممالک محنت مزدوری کیلئے بھاگ رہے تھے لیکن نواز شریف نے سخت مخالفت کے باوجود سی پیک کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جس کی بدولت مستقبل قریب میں لوگ یہاں کاروبار کو ترجیح دیں گے انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ پر 90 فیصد تک قابو پالیا گیا ہے اور عوام آئندہ بھی مخالفین کو مسترد کرکے نواز شریف کے چہرے کو ہی ووٹ دیں گے۔