وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب کے درمیان ملاقات، فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال

پنجاب کی بے مثال ترقی دیگر کیلئے رول ماڈل، کریڈٹ شہبازشریف اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے‘رفیق رجوانہ

جمعرات 17 اگست 2017 21:42

وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب کے درمیان ملاقات، فلاح عامہ کے جاری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور صوبہ پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری پروگراموں اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر محمد رفیق رجوانہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے شاندار انداز میں اقدامات کئے ہیں۔

صوبہ پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شہبازشریف نے اپنا دن رات ایک کیا ہوا ہے اور ان کی شبانہ روز کاوشوں کی بدولت پنجاب کی بے مثال ترقی دیگر کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تیز رفتار ترقی کی کا کریڈٹ وزیراعلیٰ شہبازشریف اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت اور انہیں ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کی پہلی ترجیح ہے اور پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے۔ سیاست عوام کی خدمت کا نام ہے۔ خالی نعروں سے تبدیلی نہیں آتی، اس کیلئے محنت کرنا پڑتی ہے۔ عوام کی خدمت اور خوشحالی کے سفر کو پہلے سے بڑھ کر جاری رکھیں گے۔