Live Updates

بیگم کلثوم نوا ز کے کاغذات نامزدگی منظور،لیگی کارکنوں کا جشن

مخالفین کا کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف اپیلٹ ٹربیونل سے رجوع کرنے کا فیصلہ ،یاسمین راشد ، فیصل میر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور بیگم کلثوم نواز لندن روانگی کی وجہ سے سکروٹنی کیلئے پیش نہ ہوئیں ،آصف کرمانی وکلاء کے ہمراہ پیش ہوئے اور جوابات دئیے عمران خان ہم تمہیں بھاگنے نہیں دینگے،پی ٹی آئی کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہو جائیگی ،کلثوم نواز جلد واپس آئیں گی ‘ آصف کرمانی کلثوم نواز کیخلاف حیدر آباد میں مقدمہ درج ہے، فیصلے تک کلثوم نواز الیکشن نہیں لڑسکتیں، ضمنی انتخاب میں جیت پی پی کی ہوگی‘ فیصل میر پاکستان کو لندن سے بیٹھ کر کنٹرول نہیں کیا جا سکتا ،لندن میں بیٹھ کر الیکشن بھی نہیں لڑا جا سکتا ‘ ڈاکٹر یاسمین راشد کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 17 اگست 2017 21:53

بیگم کلثوم نوا ز کے کاغذات نامزدگی منظور،لیگی کارکنوں کا جشن
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) الیکشن کمیشن نے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے حلقہ این اے 120سے مسلم لیگ (ن) کی امیدواربیگم کلثوم نوا ز کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے ، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں ڈاکٹر یاسمین راشد اور فیصل میر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لئے گئے ، بیگم کلثوم نواز لندن روانگی کی وجہ سے سکروٹنی کیلئے ریٹرننگ آفیسر کے رو برو پیش نہ ہوئیں اور ان کی طرف سے سینیٹر آصف کرمانی وکلاء کے ہمراہ پیش ہوئے اور جوابات دئیے ، مسلم لیگ (ن) کے کارکنوںنے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کی خوشی میں جشن منایا اورمٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے قیاد ت کے حق میں بھرپور نعرے بازی بھی کی ۔

تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں گزشتہ روز کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا آخری روز تھا ۔

(جاری ہے)

نوٹسز پر امیدوار اور ان کے وکلاء ریٹرننگ آفیسر کے رو برو پیش ہوئے اور جوابات دئیے ۔ مسلم لیگ (ن) کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کے کاغذات پر عوامی تحریک، پیپلزپارٹی ، پی ٹی آئی سمیت مجموعی طو رپر 9اعتراضات داخل کرائے گئے تھے۔

الیکشن کمیشن نے بیگم کلثوم نواز کو جمعرات کی سہ پہر تین بجے طلب کر رکھا تھا تاہم وہ طبی معائنے کیلئے جمعرات کی صبح گیارہ بجے لندن روانہ ہو گئیں ۔ ان کی طرف سے سینیٹر آصف کرمانی وکلاء کے ہمراہ ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیش ہوئے ۔ریٹرننگ آفیسر نے تمام اعتراضات سنے جس کے بعد بیگم کلثوم نواز کے وکلاء کی طرف سے جوابات دئیے گئے اور ریٹرننگ آفیسر نے کچھ دیر کے لئے فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعد ازاں تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کر تے ہوئے انہیں انتخاب لڑنے کے لئے اہل قرار دیدیا گیا ۔

ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ اعتراضات کی فوری تحقیق کا وقت نہیں ہے لہٰذااعتراضات اٹھانے والے اپیلٹ ٹریبونل میں فیصلہ چیلنج کرسکتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ عوامی تحریک اور پی ٹی آئی نے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جانے کے خلاف ہائیکورٹ کے معزز جج پر مشتمل اپیلٹ ٹربیونل میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ علاوہ ازیں بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے پر لیگی کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے احاطے میںجشن مناتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں اور قیادت کے حق میں نعرے لگائے ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹرآصف کرمانی نے کہا کہ قابل احترام ریٹرننگ آفیسر نے ہمارے مخالفین کو اعتراضات پر دل کھول کر بولنے کا موقع دیا اور یہ وہی اعتراضات تھے جو عمران خان اور ان کا ٹولہ 2014سے نواز شریف پر لگاتا آرہا ہے ۔ 28جولائی کو عدالت عظمیٰ کا فیصلہ آیا لیکن درخواست گزار جو معاملہ لے کر عدالت گئے تھے اس پر فیصلہ نہیں آیا ۔

نواز شریف پر کرپشن ، کک بیک کا کوئی الزام جرم ثابت نہیں ہوا لیکن انہیں ٹیکنیکل طریقے سے اقامہ کی بنیاد پرنا اہل کر دیا گیا لیکن ہم نے فیصلے کو تسلیم کیا ۔ جن لوگوںنے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات داخل کئے ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھے صرف اخبارات کے تراشے اور الف لیلیٰ کی کہانیاں یا ذاتی خواہشات تھیں ۔ ہم انہیں کہتے ہیں کہ انہیں آئینے میں دیکھنے کی ضرورت ہے ، بے جا اعتراضات اٹھا کر عدالت اور قوم کا وقت ضائع کیا گیا ۔

یہ لوگ نواز شریف کی دشمنی میں پاکستان سے دشمنی کر رہے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ نے ایک مرتبہ پھر (ن) لیگ اس کے شیروں ، شیرنیوں، قوم ،نواز شریف او ربیگم کلثوم نواز کو سر خرو کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی اعتراضات کر سکتے تھے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ اعتراضات اور جھوٹ کی سیاست ختم ہو،ہم نے اعتراضات کا سہارا نہیںلیا ہم کہتے ہیںمیدان میںمقابلہ ہونا چاہیے ۔

میں اللہ تعالی سے ڈر کر اور عاجزی سے کہتا ہوں کہ عمران خان ہم تمہیں بھاگنے نہیں دیں گے ، نواز شریف عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں یہاں سے پی ٹی آئی کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہو جائے گی ۔ انہوں نے بیگم کلثوم نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ بہت جلد واپس آئیں گی ۔پیپلز پارٹی کے امیدوارفیصل میر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلیے گئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل میر نے کہا کہ کلثوم نواز کے خلاف حیدر آباد میں مقدمہ درج ہے، مقدمات کے فیصلے تک کلثوم نواز الیکشن نہیں لڑسکتیں۔ پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل میر نے دعویٰ کیا کہ حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کی ہی جیت ہوگی۔پاکستان تحریک انصاف کی این اے 120کی نامزد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد الیکشن کمیشن آفس میں کاغذات کی سکروٹنی کے بعد پارٹی رہنمائوں ولید اقبال، عندلیب عباس اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ووٹ خریدتے نہیں مانگتے ہے ،ہم ہر جگہ ووٹ جا کر مانگ رہے ہیں اگر ہمیں کمپین کے دوران تنگ کیا گیا تو ہم خود نمٹیں گے، ہم اسی دن جیت گئے تھے جس دن نواز شریف نا اہل ہوئے ، سیاست میں ان لوگوں کو آ نا چاہیے جو اسے عبادت سمجھتے ہوں نا کہ کاروبار ،پری پول دھاندلی کی تین درخواستیں جمع کروا چکے ہیں ۔

انہوںنے کلثوم نواز کی لندن روانگی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کو لندن سے بیٹھ کر کنٹرول نہیں کیا جا سکتا ،لندن میں بیٹھ کر الیکشن بھی نہیں لڑا جا سکتا ،اگر حلقے میں نواز شریف کیمپین کریں گے تو وہ سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز نے اقامہ کی تفصیلات جمع نہیں کروائی ، تمام رولزکو فالو کرنا سب کی ذمہ داری ہے ،پیپلز پارٹی نے میرے خلاف اعتراضات اٹھائے جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات