مری آرٹس کونسل کے زیراہتمام جشن آزادی کے سلسلہ میں ’’میری جان پاکستان‘‘ تقریری مقابلہ کا انعقاد

پاکستان پر اپنا تن من دھن قربان کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج مری

جمعرات 17 اگست 2017 21:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) پاکستان ہم سب کی جان ہے جس پر ہم اپنا تن من دھن قربان کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج مری پروفیسر طارق حبیب خان نے مری آرٹس کونسل کے زیراہتمام تقریبات جشن آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تعلیمی اداروں کے طلباء کے مابین تقریری مقابلہ بعنوان’’میری جان پاکستان‘‘ کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔

ڈائریکٹر آرٹس کونسل محمد ابرار عالم نے مقابلے میں شریک طلباء اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ ایسی تقاریب منعقد کرنے کا بنیادی مقصد بچوں میں حب الوطنی پیدا کرنا ہے اور تقریب میں جس انداز میں بچوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا وہ ان کی وطن سے محبت کا واضح ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ججز کے فرائض گورنمنٹ کالج مری پروفیسر منور احمد اور پرنسپل جناح اکیڈمی مری رانا طارق جاوید نے سرانجام دیئے۔

اول پوزیشن علی اثمر پی اے ایف کیڈٹ کالج لوئر ٹوپہ سکول سیکشن، دوئم پوزیشن حورین ارشد سرسید پبلک سکول سنی بنک، تیسری پوزیشن لائبہ طلعت گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ساملی تجال اور خصوصی پوزیشن امبر انصر ایم سی گرلز مڈل سکول لوئر مال مری نے حاصل کی۔ اس کے علاوہ مقابلہ میں شریک تمام طلباء کو بھی ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔ اس تقریری مقابلہ میں تحصیل بھر کے 21 سکولوں کے طلباء نے شرکت کی۔ تقریب میں معززین شہر، میڈیا، اساتذہ، طلباء اور سیاحوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مری آرٹس کونسل کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :