پاکستان برآمدات میں اضافہ کیلئے نئی منڈیاں تلاش کر رہا ہے،

برآمدات میں اضافہ اور رواں سال کے دوران مقررہ تجارتی ہدف کا حصول حکومت کی ترجیحی ہے، دور جدید میں سفارتکاری کے عمل میں تجارت اور اقتصادی تعلقات کو کلیدی حیثیت حاصل ہے وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل پرویز ملک کی ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت

جمعرات 17 اگست 2017 21:03

پاکستان برآمدات میں اضافہ کیلئے نئی منڈیاں تلاش کر رہا ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی برآمدات میں اضافہ کیلئے نئی منڈیاں تلاش کر رہا ہے تاکہ مختلف خطوں میں اپنی مصنوعات کو رسائی فراہم کی جا سکے۔ جمعرات کو ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی اور علاقائی منڈیوں تک رسائی کیلئے دور جدید میں سفارتکاری کے عمل میں تجارت اور اقتصادی تعلقات کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ابھرتا ہو مثبت تشخص نہ صرف پاکستان میں بلکہ خطہ کے ممالک کیلئے بھی امن و ترقی کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ اور رواں سال کے دوران مقررہ تجارتی ہدف کا حصول حکومت کی ترجیحی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ دنیا کی مختلف منڈیوں تک رسائی کیلئے قلیل، درمیانے اور طویل مدتی حکمت عملی کے تحت کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے بعد یورپی یونین کی مارکیٹوں تک پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ جی ایس پی پلس پر دستخط کرنے کے بعد پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کے تحت پاکستانی برآمدات کو یورپی یونین اور دنیا کے دیگر حصوں تک بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2016ء کے دوران یورپی یونین کیلئے 2013ء کے مقابلہ میں پاکستانی برآمدات میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کیلئے 2013ء کے دوران برآمدات 30.30 ملین جبکہ سال 2016ء کے دوران 37.92 ملین رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کیلئے پاکستان سے کپاس اور دیگر خام مال کی برآمدات میں بھی 2016ء کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی اور تھائی لینڈ کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معامدہ (ایف ٹی ای) کو حتمی کرنے کیلئے پرعزم ہیں تاکہ ان ممالک کے ساتھ تجارت کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ملک ہے اور حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے مؤثر انداز میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں توانائی، کنزیومر گڈز، زراعت، ہائوسنگ، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافہ، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے اور منظم حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :