تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا ‘پنجاب حکومت تعلیم عام کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے‘مقررین

جدید تعلیم پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے ‘باوقار خود مختار اور خوشحال پاکستان کیلئے ہر بچے کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا ‘چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ‘رکن صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالسلام عارف اور دیگر کا تقریب تقسیم انعامات تقریر ی و مضمون نویسی مقابلہ جات کی تقریب سے خطاب

جمعرات 17 اگست 2017 20:53

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) تعلیم کے فروغ کے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، پنجاب حکومت تعلیم عام کرنے اور مختلف ہنر سکھانے کیلئے انقلابی اقدامات کرتے ہوئے اربوں روپے کے وسائل بروئے کار لا رہی ہے ، تعلیم ہمارے تمام قومی مسائل کا حل ہے اور اس کے ذریعے ہم غربت بیروز گاری اور معاشرتی مسائل پر قابو پا سکتے ہیں، طلباء و طالبات ہمارے روشن مستقبل کی نوید اور ہمارا قیمتی ترین سامایہ ہیں انہیں تمام تر سہولیات اور آسانیاں فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندرحیات خاں ‘رکن صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف نے گزشتہ روز گورنمنٹ ایلمنٹری ٹیچر ز ٹریننگ سکول قصور میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ادبی پروگرام کے تحت منعقدہ تقریر و مضمون نویسی مقابلہ جات میں 816پوزیشن ہولڈرز بچوں میں 16لاکھ 44ہزار روپے کے انعامات کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سمیرا مبین ‘ڈی ای او ایلمنٹری ملک محمد اشرف ،شیخ سعد وسیم ‘ ڈپٹی ڈی ای اوز‘ اے ای اوز ‘ پرنسپلز ‘ والدین اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے نوجوانوں کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جدید تعلیم پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

باوقار خود مختار اور خوشحال پاکستان کیلئے ہر بچے کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا ۔بچوں کی ذہنی نشو ونما کیلئے تقریر ی و مضمون نویسی کے مقابلہ جات کلیدی حیثیت رکھتے ہیں ۔انہوں نے پوزیشن حاصل کرنیوالے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی اور اعلان کیا کہ وہ آئندہ سال سب سے زیادہ پوزیشن حاصل کرنیوالے بوائز اور گرلز سکولز کے ہیڈماسٹر اور ہیڈ مسٹریس کواپنی جیب سے ایک ایک لاکھ روپے انعام دینگے ۔

انہوں نے محکمہ تعلیم کے اساتذہ اور افسران کو ضلع کونسل کی جانب سے ایسے پروگرام کے انعقاد کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ رکن صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں نے طلباو طالبات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے ترقی یافتہ ملک ہونے کا خوا ب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے اگر جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا شمار بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف نے کہا کہ ہم سب نے اپنی اپنی حیثیت میں قومی امنگوں کے مطابق کردار ادا کرنا ہے اور محنت اور جذبے سے ترقی کے نئے افق تلاش کرنے ہیں ۔ بعدازاں چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ‘رکن صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں اور دیگر نے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات میں نقد انعامات ‘شیلڈز ‘میڈلز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ ․